بل ملن

منگل کی شب (امریکہ کے مڈٹرم انتخابات میں) ڈیموکریٹک پارٹی کی بڑی کامیابی (ٹرمپ سے وابستہ رجحان) ’ماگا‘ (MAGA) کے خلاف ایک واضح عوامی ردِعمل کا اظہار ہے۔ یہ عمل لبرل سرمایہ داری کے اندر طاقت کے توازن کی ایک متوقع اور تنبیہی تبدیلی کی غمازی بھی کرتا ہے۔ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے سینیٹ کے اہم انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے (مشی گن میں ال سید کی کامیابی) اور ٹیکساس میں ایک نیم آمرانہ ریپبلکن حکومت کو شکست دے کر نئے گورنر، سینیٹر اور اٹارنی جنرل منتخب کروائے ہیں۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان ووٹروں اور سیاہ فام ووٹروں نے بالخصوص ڈیموکریٹس کی جانب تیزی سے رجوع کیا ہے۔ حالانکہ 2016ء سے 2024ء کے درمیان ان کا جھکاؤ بتدریج دائیں جانب بڑھ رہا تھا۔

(ریپبلکن پارٹی کی) یہ شکست عالمی انتہائی دائیں بازو (فار رائٹ) کے لیے بھی ایک دھچکا ہے۔ خصوصاً برازیل میں بولسونارو کی شکست کے بعد ایسے آثار مسلسل سامنے آ رہے ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں عوام آمرانہ رجحانات کے خلاف بڑے پیمانے پر مزاحمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ان میں تاحال جاری وسیع عوامی مظاہرے بھی شامل ہیں۔ اس شکست کو ایران کے خلاف امریکی ریاست کی موجودہ جنگ کے خلاف عوامی ردِعمل کے ایک اظہار کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اس جنگ کے خلاف کوئی وسیع عوامی امن تحریک موجود نہیں ہے۔

مغربی بورژوازی کے لیے یہ انتخابات لبرل سرمایہ دارانہ معمول کی بحالی اور دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والے جانے پہچانے عالمی نظام کی طرف ممکنہ واپسی کی راہ ہموار کرنے کی امید لیے ہوئے تھے۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھنے میں آئی۔ مغربی اشرافیہ نے حکمران طبقے کے ایک شراکت دار کی حیثیت سے ٹرمپ کی غیر یقینی اور ناقابلِ اعتبار روش سے نجات کے امکان کا خیر مقدم کیا ہے۔ اسی طرح ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ دارانہ منافعوں کو پہنچنے والے نقصان سے بھی مغربی اشرافیہ ایک تشویش میں مبتلا ہے۔ مغربی حکمران طبقے کے وسیع حلقے سامراجی حریفوں کے طور پر چین اور روس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک زیادہ مستحکم حکمت عملی کے خواہاں ہیں۔

داخلی سطح پر نام نہاد ’’نیلی لہر‘‘ (یعنی ڈیموکریٹک پارٹی کی بڑی جیت) کو امریکی عوام کی ایک اجتماعی فریاد یا پکار کے طور پر سمجھنا زیادہ مناسب ہو گا۔ یہ وہ عوام ہیں جو برسوں کی آسٹیریٹی پالیسیوں، ریاستی اخراجات اور سہولیات میں کٹوتیوں، شہری آزادیوں کے زوال، معیارِ زندگی میں گراوٹ، نظامِ صحت کی کمزوری، حتیٰ کہ اوسط عمر میں کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ یہ اس خواہش کا بھی ایک واضح اظہار ہے کہ امریکہ کے عوام ایک ایسے متبادل کے خواہاں ہیں جو اس سرمایہ دارانہ نظام، جس نے انہیں مایوس کر دیا ہے، سے مختلف ہو۔ یوں انتخابات بھی بعض اوقات ’’مظلوموں کی آہ‘‘ بن جاتے ہیں۔

لیکن ’’نیلی لہروں‘‘ نے کبھی بھی طاقت کا توازن محنت کش طبقے اور سماج کے سب سے زیادہ کمزور اور محروم طبقات کے حق میں تبدیل نہیں کیا۔ ہم ان ڈیموکریٹک انتخابی لہروں کو یاد کر سکتے ہیں جنہوں نے ریپبلکن پارٹی کے طویل ادوارِ اقتدار کے بعد بالترتیب بل کلنٹن اور براک اوباما کو اقتدار تک پہنچایا۔ یعنی ریگن اور بش سینئر کے ادوار کے بعد کلنٹن اور بش جونیئر کے دور کے بعد اوباما۔ ان انتخابی کامیابیوں کے نتیجے میں نہ تو کوئی بڑی سماجی اصلاحات متعارف ہوئیں، نہ ہی دولت کی ازسرِنو تقسیم کا کوئی نمایاں عمل سامنے آیا۔ اس کے برعکس ڈیموکریٹک پارٹی نے نہایت سوچے سمجھے انداز میں دائیں جانب اپنا جھکاؤ مزید بڑھایا۔ جس کا مقصد طارق علی کے الفاظ میں ایک ایسے ’’سخت گیر مرکز‘‘ (Extreme Center) کو تشکیل دینا تھا جس کی سرمایہ داری اور سامراج سے وابستگی اس سے پہلے برسراقتدار رہنے والی دائیں بازو کی حکومتوں جیسی ہی مطیع اور غلامانہ تھی۔

لہٰذا ہم یہ توقع کر سکتے ہیں کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی نئی اکثریت ’آئس‘ (ICE) کے ادارے کو ختم کرنے، بڑے پیمانے پر ملک بدری کے عمل کو روکنے، ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے یا فلسطین میں اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی پالیسیوں کو لگام دینے کے لیے شاید ہی کوئی مؤثر قدم اٹھائے گی۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ان تمام پالیسیوں کی ڈیموکریٹک پارٹی نے توثیق کی ہے اور ان کی حمایت میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ہمیں ان انتخابات سے ایک تنبیہ بھی حاصل کرنی چاہیے: ڈیموکریٹک پارٹی کی ایک تاریخی روش یہ رہی ہے کہ وہ ’’سماجی تحریکوں کا قبرستان‘‘ بن جاتی ہے۔ اس رجحان کی ایک نہایت معقول علامت یہ ہے کہ انتخاب کے دن کتنے ہی لوگوں نے ’’میں نے ووٹ ڈال دیا ہے‘‘ (I Voted) کے سٹیکر منی ایپولس میں رینی گوڈ اور ایلکس پریٹی کی یادگاروں پر چسپاں کیے۔ پریٹی اور گوڈ کو آئس کے اہلکاروں نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا جس کے نتیجے میں اس امریکی شہر میں کئی دہائیوں کے دوران ایک دن کے اندر ہونے والا سب سے بڑا احتجاج سامنے آیا۔ یعنی 23 جنوری کو منی ایپولس میں ایک لاکھ افراد کی بغاوت۔ لیکن ڈیموکریٹس کے ابھار کے ساتھ یہ عوامی تحریک بیٹھ گئی ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ انتخابی سیاست میں لاکھوں کروڑوں لوگوں کے ایک بہتر دنیا کے خوابوں کو مؤخر کرنے اور انہیں اپنے اندر جذب کر لینے کی کتنی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔

ہمیں اس کیفیت کا موازنہ بہت سے ملکوں میں ہونے والے وسیع عوامی احتجاجی مظاہروں کی اس لہر سے بھی کرنا چاہیے جو امریکہ جیسے حالات کے خلاف ابھری ہے۔ ان میں البانیہ، پیرس، بیونس آئرس اور کشمیر شامل ہیں۔ جبکہ حالیہ برسوں میں سری لنکا، بھارت اور سربیا میں بھی ایسی تحریکیں ابھری ہیں جن میں سے بیشتر کی قیادت طلبہ نے کی۔ ان عوامی تحریکوں نے یا تو حکومتوں کا تختہ الٹ دیا یا ریاست کے استحکام کے لیے بڑے چیلنج پیدا کیے۔

ان تحریکوں میں وہ عناصر موجود ہیں جو امریکی صورتِ حال میں مفقود ہیں: یعنی طلبہ، محنت کشوں یا بائیں بازو کی ایسی تنظیمیں جو منظم اور مضبوط ہوں اور ایسا سیاسی شعور جو حاوی دو جماعتی نظرئیے کی تنگ اور متعین حدود سے تجاوز کر سکے۔

امریکہ میں ایسی بغاوتوں کے امکان کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ضروری ہے کہ انقلابی بایاں بازو ان عوامی حلقوں کو صبر و تحمل اور باقاعدہ انداز میں منظم کرے جو ’’سخت گیر مرکز‘‘ سے آگے کسی متبادل کے متلاشی ہیں۔ ان میں امریکہ کی ڈیموکریٹک سوشلسٹس (DSA) کے ارکان بھی شامل ہیں۔ جن کے امیدوار انتخابات جیتنے کے باوجود ’’نیلی لہر‘‘ میں اس طرح ضم ہوتے جاتے ہیں کہ ان کی الگ شناخت باقی نہیں رہتی۔ اقتدار میں آنے کے بعد ان امیدواروں کی ڈیموکریٹک پارٹی کو بائیں جانب دھکیلنے کی صلاحیت نہایت محدود ہو گی۔ بلکہ ممکن ہے کہ وہ ایسا کرنے کے بالکل بھی قابل نہ رہیں۔

ڈی ایس اے یا اس کے حمایت یافتہ امیدوار اب ریاستی سطح پر ہونے والے کئی انتخابات جیت چکے ہیں۔ جن میں نیویارک اور لاس اینجلس جیسے شہروں کے میئرز کے اہم انتخابات بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے ایوانِ نمائندگان کی پانچ نئی نشستیں حاصل کیں۔ جبکہ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز (AOC) اور راشدہ طلیب دوبارہ منتخب ہوئیں۔ تاہم منگل کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی وسیع پیمانے پر کامیابی اس کی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ کو اختلافِ رائے کچلنے کا مزید حوصلہ دے گی۔ چنانچہ ہمیں توقع رکھنی چاہیے کہ اقتدار میں رہتے ہوئے ڈی ایس اے کی سرگرمیاں محض بے نتیجہ تگ و دو تک محدود رہیں گی اور اس کے نتیجے میں اس کی رکنیت اور حمایت میں اضافے کے بجائے لوگ اس سے الگ ہی ہوں گے۔

یہ صورتِ حال انقلابی بائیں بازو کے لیے ایک نیا موقع فراہم کرتی ہے۔ لیکن اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکمت عملی، باہمی ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہیں۔ اس کے آثار بھی موجود ہیں۔ چھ انقلابی سوشلسٹ تنظیموں کے اتحاد یونائیٹڈ لیفٹ پلیٹ فارم (United Left Platform) نے سیاسی جبر کا شکار ہونے والے افراد کے دفاع کے لیے اپنا باہمی تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔ ان میں ’سوشلسٹ افق‘ (Socialist Horizon) کے ٹام آلٹر بھی شامل ہیں۔ یہ اتحاد ڈی ایس اے کی اصلاح پسند سیاست سے آگے بڑھنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک واضح، مربوط اور فرقہ وارانہ تعصبات سے پاک سیاسی راستہ بھی فراہم کر رہا ہے۔