قمر الزماں خاں
کچھ عرصہ قبل اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے شروع کی گئی نئے صوبوں کی بحث اب زور پکڑتی جا رہی ہے اور نئے تنازعات کو جنم دے رہی ہے۔ مسئلہ صرف نئے صوبوں یا نام نہاد انتظامی یونٹوں کے قیام کا نہیں ہے۔ بلکہ اس کے پس پردہ مقاصد کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ جو مزاحتمی رجحانات کو دبانے یا منتشر کرنے سے لے کر خود حکمران طبقے کی سیاست (چاہے وہ کتنی ہی مطیع کیوں نہ ہو) کو مزید کنٹرول میں لانے اور اس کے نسبتاً آزادانہ سیاسی وجود کو بھی مٹانے کی حد تک جا سکتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ طویل عرصے سے اشارے دے رہی ہے کہ مخصوص حالات میں انجام پانے والی اٹھارویں ترمیم اب انہیں کھٹکتی ہے۔ ایک طرف وہ ریاست کی مرکزیت پسندانہ سوچ سے متصادم ہے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ اہم این ایف ایوارڈ کے نتیجے میں مجموعی ملکی بجٹ میں صوبوں کے حصے کا معاملہ ہے۔ جو ایک بحران زدہ معیشت اور انتشار سے دو چار ریاست (جہاں ’دفاع‘ اور قرضوں پر سود وغیرہ کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں) میں ایک ’بوجھ‘ معلوم ہونے لگا ہے۔ اس حوالے سے شاید مقتدر حلقوں کی یہ سوچ بھی ہے کہ وہ قدرتی وسائل پر براہِ راست اختیار اور ریاست و معیشت پر اپنا کنٹرول مزید سخت کر کے انتظامی و معاشی طور پر پاکستانی سرمایہ داری کے بحران کو حل یا کم از کم جزوی طور پر قابو میں لا سکتے ہیں۔
بہرحال یہاں یہ نکتہ بھی اہم ہے کیا وہ واقعی صوبوں کی تعداد کو چار سے بڑھا کر اٹھائیس تک لے جانا چاہتے ہیں؟ کیا وہ واقعی اسے ایک قابل عمل منصوبہ سمجھتے ہیں یا زیادہ سے ڈرا کر کم پر آمادہ کرنا مقصود ہے؟ مزید برآں یہ بات بھی مدنظر رہنی چاہئے کہ یہ تنازعہ اگرچہ یکسر نان ایشو قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن وقت کیساتھ بیشتر سلگتے ہوئے عوامی یا طبقاتی مسائل اور بحثوں پر حاوی ہوتا جا رہا ہے اور محکوموں کو باہم دست و گریبان کرنے کے سنجیدہ خطرات کا حامل ہے۔
اس حوالے سے بلاول بھٹو کے گزشتہ کچھ دنوں کے بیانات بھی موضوعِ بحث ہیں۔ جس میں ان کے شکوے شکایتیں تو مالکان سے تھیں۔ لیکن ن لیگ کے کچھ نمائندے خود مالکان سے زیادہ چست دکھائی دئیے۔ حالانکہ حالت ان کی بھی پتلی ہے۔ لیکن شاید وہ ’’ہنوز دلی دور است‘‘ کی خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔ بہرحال آنے والے دنوں میں جب ن لیگ کے نٹ بولٹ مزید کسے جائیں گے تو شاید ’کیوں نکالا‘ کی آواز نکالنا بھی مشکل ہو جائے۔
دراصل یہ پہلا موقع نہیں کہ فوجی اسٹیبلشمنٹ نے اٹھارویں ترمیم پر اعتراض کیا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے اس ترمیم کو محدود یا غیر مؤثر کرنے کی تجاویز اور آئینی ترامیم کی کوششیں سامنے آتی رہی ہیں۔ اس لیے یہ کوئی اچانک سامنے آنے والا یا ڈھکا چھپا معاملہ نہیں۔ اخبارات اور سیاسی مباحث ایسے اعتراضات اور کوششوں سے بھرے پڑے ہیں۔ گزشتہ بجٹ میں صدر آصف زرداری کی تجویز پر صوبوں کے حصے میں سے کچھ کٹوتی کرتے ہوئے وفاق کو رقوم کی ادائیگی کے ذریعے بھی معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ تاہم اس ضمن میں طاقت کے اصل مراکز اب چوں چراں سے اکتاتے نظر آتے ہیں۔
ن لیگ فی الوقت اتنی باریکی میں نہیں جا رہی۔ بلکہ شاید سیاسی اقتدار میں کلیدی حصہ دار ہونے کے ناتے کسی باریکی میں پڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ لہٰذا وہ بلاول کے تنقیدی بیانات پر پراکسی بن کر خود جواب دہی کے کٹہرے میں کھڑے ہو گئے ہیں۔ یوں وہ نواز شریف کے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے سے دوسری تیسری مرتبہ منحرف ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے تاخیر زدہ اور ازلی مطیع حکمران طبقے کی سیاست اور جمہوری جدوجہد کی یہی حقیقت ہے۔
لیکن یہی بات پھر پیپلز پارٹی پر بھی صادق آتی ہے۔ جو عرصہ قبل ریاست کی پروردہ سیاست کا کل پرزہ بن چکی ہے۔ ماضی بعید میں اس کی سیاست میں مزاحمت، عوامی مطالبات اور طبقاتی جدوجہد کا کوئی عنصر شامل بھی تھا تو آج اس کی پرچھائی بھی باقی نہیں بچی۔ سیاسی و مالیاتی حصہ داری کے معاملات پر ریاست کیساتھ تضاد یا اختلاف کی مخصوص کیفیات میں ’’مزاحمت‘‘ کا تاثر یقیناً دیا جاتا ہے۔ لیکن ایسے حالات میں تو مولانا فضل الرحمان اور عمران خان بھی مزاحمتی‘ بلکہ انقلابی بن جاتے ہیں۔
آپسی چپقلش کے مخصوص اوقات یا کیفیات میں یا بوقت ضرورت موجودہ حکومتی سیٹ اپ سے خود کو الگ یا ممتاز ثابت کرنے کے لیے بلاول بھٹو عوام کی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا ذکر بھی کرتے ہیں۔ لیکن یہ نہیں بتاتے کہ ان مسائل اور محرومیوں کے اسباب کیا ہیں اور ان کے خاتمے کا راستہ کیا ہے؟ آخر پیپلز پارٹی (جو آج ایک ’ملٹی کلاس‘ اور ’سنٹر لیفٹ‘ پارٹی بن چکی ہے) خود اپنے قیام کے وقت کس معاشی پروگرام اور نظرئیے کی بنیاد پر عوام کے سامنے آئی تھی؟ اس کی بنیاد ہی یہ تھی کہ حکمران طبقے کی سیاسی جماعتیں سرمایہ دارانہ نظام پر یقین رکھتی ہیں اور ان کی پالیسیاں سرمایہ داروں کے مفادات پر مبنی ہیں۔ دوسری طرف کروڑوں لوگ غربت، محرومی اور استحصال کا شکار ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ان کے لیے سوشلزم کو ایک متبادل پروگرام قرار دیا تھا اور اس کا بنیادی منشور سوشلسٹ اقدامات کے نعروں اور وعدوں پر مبنی تھا۔
تاہم بعدازاں یہی پیپلز پارٹی اپنی نظریاتی اساس سے منحرف ہوتی چلی گئی۔ بے نظیر بھٹو کے ادوارِ حکومت سے لے کر آج کی قیادت تک‘ پارٹی نے بتدریج آزاد منڈی کی سرمایہ دارانہ معیشت کو قبول کیا، نجکاری کی حمایت کی، آئی پی پیز کے نظام کو آگے بڑھایا اور سامراجی مالیاتی اداروں کی شرائط کے سامنے سر تسلیم خم کیا۔ سلیم مانڈوی والا جیسے نیولبرل معاشی سوچ رکھنے والے افراد کو مرکزی مجلس عاملہ اور منشور سازی جیسے اہم مناصب دینا بھی اسی بنیادی نظریاتی شفٹ کا اظہار تھا۔ انتخابی منشوروں کی تشکیل بھی بتدریج اسی استحصالی معاشی ڈھانچے کے اندر ہونے لگی جسے پیپلز پارٹی اپنے آغاز میں محنت کش عوام کے مسائل کا بنیادی سبب قرار دیتی تھی۔
یہ محض نظریاتی انحراف نہیں تھا بلکہ اس کے عملی معاشی و سیاسی نتائج بھی سامنے آئے۔ اجارہ داریاں مضبوط ہوئیں، پبلک ملکیت کے اداروں کو نجکاری کے نام پر تباہ و برباد کیا گیا، عوامی خدمات کا دائرہ سکڑتا گیا اور سرمایہ داروں کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ ملتی رہی۔ شوگر مافیا، آئی پی پیز اور دیگر کاروباری اجارہ داریوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ یوں ذلت، غربت اور استحصال کے جن اسباب کے خاتمے کے لیے پیپلز پارٹی وجود میں آئی تھی‘ بعدازاں خود انہی اسباب میں شامل ہو گئی۔ غریب عوام سیاسی طور پر دربدر، منتشر اور بددل ہو گئے۔ تحریک انصاف جیسے عوام دشمن‘ فسطائی رجحان کی راہ ہموار ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ ساری حاوی سیاست دائیں بازو کی طرف منتقل ہو گئی۔ جبکہ ریاستی اسٹیبلشمنٹ کو ہر ادارے اور ہر سماجی پہلو پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کا موقع ملا۔ لہٰذا موجودہ حالات اچانک یا بلاوجہ پیدا نہیں ہو گئے بلکہ ان کی تشکیل میں پیپلز پارٹی کا بھرپور کردار اور حصہ موجود ہے۔
یہاں یہ سوال بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اگر اٹھارویں ترمیم (جسے پیپلز پارٹی اپنا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیتی ہے) ہی سارے مسائل کا حل ہے تو سندھ میں پیپلز پارٹی کے اٹھارہ یا کم از کم سولہ سالہ دورِ اقتدار کا جمع حاصل کیا ہے؟ اندرونِ سندھ یا چھوٹے شہروں کو تو چھوڑیں‘ اس عرصے میں خود کراچی کی کیا حالت ہوتی گئی ہے۔ یہ کوئی ایسے مشکل سوالات نہیں ہیں۔ لیکن مخصوص اقدامات یا منصوبوں کی مبالغہ آرائی اور جوابی الزام تراشیوں سمیت بحث کا رخ موڑنے کے کئی طریقے ہوتے ہیں۔
بہرحال بلاول بھٹو کو عوام کی محرومیوں کا ذکر کرنے کے ساتھ خود اپنی جماعت کے کارناموں پر بھی روشنی ڈالنی چاہئے۔ سچ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی نہ صرف سرمایہ دارانہ نظام بلکہ اس کی بدترین نیولبرل شکلوں کو جاری رکھا۔ وہی نظام جس کی رکھوالی یہا ں کی ریاست کرتی ہے اور جس کے کارندوں اور مہروں سے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت اس ملک کی ساری مروجہ سیاست بھری ہوئی ہے۔ کبھی جمہوری حکومتوں کے ذریعے اور کبھی فوجی آمریتوں کے تحت‘ عوام کو اسی منڈی کی معیشت، نجکاری کے عذاب، عالمی مالیاتی اداروں کی اطاعت اور سرمایہ دارانہ اجارہ داریوں کے ظلم کے حوالے کیا گیا ہے۔ لہٰذا ریاست یا ریاستی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اصل مزاحمت وہ ہوتی ہے جو اس کے نظام کو چیلنج کرے۔ بصورت دیگر سب کچھ ریاستی پروردہ سیاست کے اندر کی حصہ داری، چالبازی اور لین دین کا کھیل بن جاتا ہے۔ جس میں مذہبی، قومی، طبقاتی… غرضیکہ جو کارڈ ہاتھ آئے کھیلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال کا ایک اور اہم پہلو عمران خان کی مبینہ مقبولیت سے زیادہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی عدم مقبولیت کا ہے۔ یہ ان حکمران جماعتوں کو لاحق ایک حقیقی خوف ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں عوام پر اتنے شدید معاشی حملے کیے گئے ہیں کہ زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، ٹیکسوں کا بوجھ، طرح طرح کے جرمانے، دکانداروں اور چھوٹے کاروباریوں کے خلاف کارروائیاں، ٹول پلازوں کی بھرمار، ٹول ٹیکسوں میں کئی گنا اضافہ… یہ عوام کی جیبوں پر ایک مسلسل ڈاکہ زنی ہے۔ پھر لٹھ بردار قسم کی مختلف فورسز کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر لوگوں پر چڑھائی ہے۔ ریاست خود روزگار کی فراہمی کے فرض سے دستبردار ہو چکی ہے۔ جبکہ غریب دیہاڑی داروں، ریڑھی بانوں، دکانداروں اور کچے روزگار میں پناہ تلاش کرنے والی دوسری پرتوں کو سر بازار زدوکوب کیا اور تذلیل کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بالخصوص پنجاب میں یہ ایک سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ایک طرف عوام فاقوں مر رہے ہیں‘ دوسری طرف حکمرانوں کی شان و شوکت، آن بان، فیشن، فوٹو سیشنوں اور ٹک ٹاک کے ذریعے جلوہ افروزیوں کی بھرمار ہے۔ عوام کی زندگی اور حکمرانوں کے طرزِ زندگی کا یہ تضاد ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے۔ اسی تضاد کا خوف ن لیگ جیسی قیادتوں کو شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بنے رہنے پر مجبور کرتا ہے۔ انہیں ڈر ہے کہ مہربانوں کا ہاتھ سر سے اٹھ جانے پر فروری 2024ء کے انتخابات سے بھی بڑی شکست ان کا مقدر بن سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی نے بھی اسٹیبلشمنٹ کی توقعات سے بڑھ کر اس کی اطاعت کی ہے۔ مگر اسے نوشتہ دیوار غالباً پہلے نظر آنا شروع ہو گیا ہے۔ انہیں اندازہ ہو رہا ہے کہ جس سیاسی بندوبست کے ساتھ اس نے مفاہمت کی (بلکہ ہر ممکن سہارا دیا) ‘ اسی میں ان کی حصے داری کی گنجائش مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ اصل پالیسی سازوں سے اسی شکوہ شکایت اور نظر ثانی کی عاجزانہ پیشکش کا پہلا ٹریلر بلاول بھٹو زرداری کی 17 نومبر 2026ء کو کراچی میں پریس کانفرنس اور سوالات کے جوابات میں سامنے آیا ہے۔ ویسے بلاول کے سامنے نہروں کے مسئلے کا سبق بھی موجود ہے۔ جب پیپلز پارٹی‘ سندھ کے عوام کے جذبات اور پیش قدمی سے پیچھے رہ گئی تھی۔ بہرحال اس پریس کانفرنس کا زبانی یا عملی جواب جنہوں نے دینا ہے وہ تو فی الوقت خاموش ہیں۔ تاہم ن لیگی وزرا وہ فرض ضرور چکا رہے ہیں جو ان پر اتنا واجب بھی نہیں ہے۔
یہ موقف وزن رکھتا ہے کہ زور زبردستی کے فیصلے ناقابل قبول ہیں اور ان کے بھیانک نتائج ہی نکلتے ہیں۔ لیکن اس ملک میں کس فورم کو عوامی یا جمہوری سمجھا جائے؟ یہاں انتخابات، ریفرنڈم اور ان کے نتائج ہمیشہ ریاستی خواہشات کے مطابق تشکیل پاتے ہیں۔ ایک آدھ عام انتخاب کو چھوڑ کر کوئی الیکشن بھی ایسا نہیں جسے شفاف قرار دیا جا سکے اور جو پری الیکشن، دوران پولنگ اور نتائج کی تشکیل کے دوران دھاندلی کے حوالے سے مشکوک نہ ہو۔ وقت کیساتھ اس واردات کے طریقے ہی بدلے ہیں۔ چنانچہ یہاں منتخب اسمبلیوں کو خود سرمایہ دارانہ جمہوریت کے معیارات کے مطابق بھی کوئی معقول جمہوری یا نمائندہ ایوان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کراچی کی پریس کانفرنس میں تو خود بلاول نے گزشتہ عام انتخابات پر سوال اٹھائے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ بعد میں بولا جانے والا سچ‘ جھوٹ سے زیادہ مکروہ کردار کا حامل ہوتا ہے۔ ویسے بھی ایک طبقاتی سماج (اور وہ بھی پاکستان جیسے کالونیل روایات کے حامل طبقاتی سماج) میں سارا جمہوری کھیل ارب پتی سرمایہ داروں، جاگیرداروں، گدی نشینوں اور مافیاز کے کنٹرول میں کھیلا جاتا ہے اور پھر حتمی نتائج کا تعین کہیں اور ہی ہوتا ہے۔ چنانچہ صوبوں کی تقسیم یا نئے صوبوں کی تشکیل جیسا نازک معاملہ، جو اس ملک میں قومی محرومی کے رِستے ہوئے زخموں کو مزید کریدنے کے مترادف ہے، اس قسم کے ’جمہوری‘ اداروں میں جمہوری طریقے سے حل نہیں ہو سکتا۔
مسئلہ صرف وفاقی خزانے یا دفاعی اخراجات میں حصہ ڈالنے کا بھی نہیں۔ یہ معیشت (آلات پیداوار، بینکنگ، فنانس)، قدرتی وسائل اور اختیارات پر کنٹرول کا تاریخی سوال ہے۔ جو اس بحران زدہ سرمایہ دارانہ نظام کے خمیر میں موجود طبقاتی اور قومی جبر و استحصال کیساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس ملک میں اگر ون یونٹ سے حالات ٹھیک نہیں ہوئے، چار یا پانچ صوبوں کے قیام سے بہتری نہیں آئی تو بارہ یا اٹھائیس صوبوں سے بھی مسائل حل ہونے والے نہیں ہیں (کچھ مخصوص خطوں میں الگ صوبوں کا عوامی مطالبہ اس سے بالکل مختلف معاملہ ہے)۔ اس نظام کے نامیاتی بحران کو انتظامی طریقوں سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن یہ حکمران اپنی ہوس، فرسٹریشن یا بہتری کے خام خیالوں میں ایسے اقدامات مسلط کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ یا پھر شرارت اور فساد کی نیت سے ایسے نازک ایشوز کو ابھارا جاتا رہے گے۔ پھر انہی حکمرانوں میں سے موسمی قسم کے ’مزاحمتی‘ عناصر بھی وقتاً فوقتاً برآمد ہوتے رہیں گے۔ اس ملک اور دنیا بھر کے مظلوموں اور محکوموں کی نجات اسی امر میں پوشیدہ ہے کہ وہ نیچے کی بجائے اوپر سے دیکھتے ہوئے اس خونی اور استحصالی کھیل کی بساط لپیٹنے کی جدوجہد کریں۔
