عمران کامیانہ

امریکہ کے وزیر خارجہ (سیکرٹری آف سٹیٹ) مارکو روبیو نے اپنی ایک تقریر میں کہا ہے کہ سوویت یونین تو ٹوٹ گیا لیکن مارکس کی سوچ یا فکر آج بھی زندہ ہے۔ امریکہ کی بااثر ترین قدامت پسند قانونی تنظیم ’فیڈرلسٹ سوسائٹی‘ کے زیر انتظام منعقد ہونے والے قومی وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے موصوف کا کہنا تھا:

’’جب ہمارے اسلاف پہلی مرتبہ شمالی امریکا پہنچے، جب وہ یہاں پہلی بار آئے تو نہ کوئی کارخانے تھے، نہ ریلوے لائنیں اور نہ ہی فلک بوس عمارتیں۔ یہ سب کچھ اس لئے وجود میں آیا کیونکہ ہم نے انہیں تعمیر کیا، کیونکہ ہم نے عملی قدم اٹھایا۔ یہ سب کچھ اس لئے ممکن ہوا کہ ہم نے کسی خوف یا اخلاقی تذبذب کے بغیر عمل کیا اور ہر اس رکاوٹ پر قابو پایا جس نے ہمیں دھمکانے یا ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ لیکن آج ہمیں بعض حلقوں کی جانب سے یہ بتایا جاتا ہے کہ عظیم قوموں کے عظیم مقاصد کے حصول کا دور ختم ہو چکا ہے، کہ اب ہم کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے، دنیا پر اپنا اثر و رسوخ مسلط نہیں کر سکتے، ہمیں اپنے خواب دور افتادہ بین الاقوامی عدالتوں کے اتفاقِ رائے کے حوالے کر دینے چاہئیں اور اس بات کو تسلیم کر لینا چاہیے کہ ہم محض بہت سی دوسری قوموں میں سے ایک قوم ہیں۔ ہمیں آسودگی کے عادی ہو کر خاموش زوال کو قبول کر لینا چاہیے۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ اپنے مفادات کے لئے اپنی شرائط پر اقدامات کرنے کا ہمارا عزم نام نہاد قواعد پر مبنی عالمی نظام (Rules-based Order) پر حملہ ہے۔ مثال کے طور پر اس نظرئیے کے تحت خود امریکی صدر بھی امریکی خارجہ پالیسی پر عمل درآمد نہیں کر سکتا۔ وہ تجارت یا امیگریشن پر پابندیاں عائد نہیں کر سکتا۔ حتیٰ کہ اپنے شہریوں کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم کے بیرونِ ملک استعمال کا جائزہ بھی نہیں لے سکتا۔ کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں اسے بین الاقوامی وکلا، ججوں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور اقوامِ متحدہ کے بیوروکریٹوں کے شدید ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جو اس پر عالمی اقدار اور اصولوں کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کریں گے۔ یہ تمام رجحانات، خواہ اندرونِ ملک ہوں یا بیرونِ ملک، ہمارے عہد کی اس مساوات پسندانہ اور مایوسی پر مبنی ذہنیت کی پیداوار ہیں۔ یہ ذہنیت ہمیں اپنی تقدیر کی ذمہ داری سے دست بردار ہونے، عظمت کے تقاضوں کا بوجھ اتار پھینکنے اور بین الاقوامی قانون کے ان چمکتے دمکتے مگر کھوکھلے عمومی اصولوں میں پناہ لینے پر اکساتی ہے۔ سوویت کمیونزم کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو شکست دینے کے باوجود ہم مارکس کی فکر کو شکست نہیں دے سکے۔ مارکس کی وہ فکر آج بھی زندہ ہے۔ یہ نئی شکلوں اور نظریات میں اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے ہے۔ جو قومی عزم کو ایک کمتر عالمی اتفاقِ رائے کے ماتحت کرنا چاہتے ہیں۔ مارکسزم نے (قوموں کے اندر) انسانوں کے درمیان امتیازات ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ ہمارے عہد کے انتہا پسند خود قوموں کے درمیان امتیازات ختم کرنے کے درپے ہیں۔‘‘

سیاق و سباق اور بامحاورہ ترجمے کے تقاضوں کے حوالے سے دیکھیں تو یہاں مارکس کی فکر کی بجائے مارکس کے بھوت یا مارکس کی آتما کی اصطلاح زیادہ مناسب ہو گی۔ بہرحال بین الاقوامی مین سٹریم میڈیا میں روبیو کے ان انتباہی الفاظ کو زیادہ اہمیت یا جگہ نہیں مل سکی جس کی وجوہات کا اندازہ لگانا محال نہیں ہے۔ بین الاقوامی سطح پر جنگوں، بین السامراجی تضادات کی شدت، لبرل آرڈر کی ٹوٹ پھوٹ، مسلسل احتجاجوں، معاشی گراوٹ اور انتشار کے موجودہ حالات میں ایسی بہت سی باتیں یا تبصرے پس پشت چلے جاتے ہیں جو بظاہر فوری اہمیت کے حامل نہیں ہوتے یا سلگتے ہوئے معاملات کو براہِ راست ایڈریس نہیں کرتے۔ اس حوالے سے خود عالمی سامراجی حلقوں میں لبرل دائیں بازو اور گزشتہ کچھ عرصے میں ابھرنے والے انتہا پسند دائیں بازو (فار رائٹ) کی آپسی چپقلش کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جس کا اظہار بین الاقوامی مین سٹریم میڈیا میں بھی ہوتا ہے۔ ٹرمپ جیسے فار رائٹ رہنماؤں کی یہ عادت ہے کہ وہ اپنے دائیں بازو کے مخالفین کو ’بھی‘ کمیونسٹ قرار دے دیتے ہیں۔ جزوی طور پر مارکو روبیو کے مذکورہ بیان کا بھی یہی معاملہ ہے۔ تاہم اسے زیادہ سے زیادہ الزام تراشی اور مبالغہ آرائی ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔ بالخصوص 2008ء کے بعد دنیا بھر میں طلبہ، محنت کشوں اور دوسری عوامی پرتوں کی دیوہیکل تحریکوں کے نہ ختم ہونے والے سلسلے اور بائیں بازو کے نئے رجحانات کے ابھار کو حکمران طبقات کی آنکھ سے بھی دیکھا جائے تو مارکس کا بھوت بہرحال منڈلاتا نظر آتا ہے۔ بلکہ زیادہ واضح نظر آتا ہے۔

شاید ان تمام وجوہات سے زیادہ اہم یہ بات ہے کہ حکمران طبقات بحیثیت مجموعی اپنے نظام پر ہونے والے سنجیدہ نظریاتی حملوں کو ہر ممکن حد تک ’نظر انداز‘ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر استحصالی نظام کے بخیے ادھیڑ دینے والی ہر تنقید کو غیر سنجیدہ لینے کا ناٹک کرنے کی تاریخی روش ہے۔ جو داس کیپیٹل کی اشاعت سے آج تک جاری ہے۔ تاکہ انقلابی نظریات کو پذیرائی نہ مل سکے (دوسرے الفاظ میں وہ ’مین سٹریم‘ نہ ہو سکیں!) اور گزرتا وقت ان پر خود ہی مٹی ڈال دے۔ انقلابی یا مزاحمتی تحریکوں کے حوالے سے بھی ان کی یہی کوشش ہوتی ہے۔ لیکن پھر اسی قسم کا رویہ وہ سنجیدہ یا خطرناک قسم کی خود تنقیدی یا داخلی تنبیہات (Warnings) کی طرف بھی اپناتے ہیں تاکہ ’اندر کی باتیں‘ اندر ہی رہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں یہ سب کچھ کسی انتہائی خفیہ یا سازشی انداز میں انجام پاتا ہے (اگرچہ مخصوص وارداتیں یا منصوبے اس نہج تک ضرور جاتے ہیں) لیکن بالعموم بین السطور بات کرنے، پیچیدہ ’پروفیشنل‘ زبان کے استعمال اور نازک قسم کی داخلی بحثوں کو ممتاز اور مہنگے قسم کے جریدوں اور مخصوص حلقوں تک محدود رکھنے کا طریقہ اپنایا جاتا ہے۔ کم از کم ریاستوں اور حکمران طبقات کی کوشش یہی ہوتی ہے۔ چاہے وہ جمہوریت، شفافیت اور آزادی اظہار کے جتنے بڑے علمبردار ہوں۔ عام لوگوں کی نظر سے گزرنے والا روز مرہ کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ہر ممکن حد تک ’نیوٹرل‘ اور غیر نظریاتی دِکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ نتیجتاً یہ اسی قدر سطحی ہوتا ہے اور اس کی ساری سچی خبریں بھی آخری تجزئیے میں ایک دیوہیکل جھوٹ بن کے رہ جاتی ہے۔ چنانچہ حکمران طبقات کے پالیسی سازوں اور سیاسی و نظریاتی نمائندوں کی باتوں کا جائزہ لینا، بورژوا میڈیا کو دیکھنا اور اس سے معلومات کشید کرتے ہوئے نتائج اخذ کرنا بذات خود ایک آرٹ بن جاتا ہے جس کے بغیر کوئی معقول انقلابی تناظر اور حکمت عملی تشکیل نہیں پا سکتی۔ طبقاتی معاشرہ ایک طبقاتی جنگ کا حامل ہوتا ہے۔ جو طویل عرصوں تک ٹھنڈی پڑی رہنے کے باوجود کبھی نہ کبھی بھڑکتی ضرور ہے۔ اور کسی بھی جنگ کی طرح اس جنگ کو بھی دشمن کی قوت، حوصلے، اعتماد، منصوبہ بندی اور چالبازی وغیرہ پر نظر رکھے بغیر لڑا جا سکتا ہے نہ جیتا جا سکتا ہے۔

مارکو روبیو کے مذکورہ بیان کو بھی اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے (ویسے اس کی ساری تقریر قابل غور ہے لیکن ہم فی الوقت متعلقہ اقتباس پر توجہ مرکوز رکھیں گے)۔ وہ سامراجی مشینری کا کوئی ثانوی پرزہ نہیں بلکہ امریکہ کا وزیر خارجہ ہونے کے ساتھ ساتھ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بھی ہے، ٹرمپ کے خاص بندوں میں شمار ہوتا ہے اور ٹرمپ کے بعد امریکی صدارت کا اہم امیدوار بن سکتا ہے۔ روبیو نے اپنی سیاست کی شروعات ایک نسبتاً معتدل مزاج ریپبلکن کے طور پر کی تھی اور وہ ایک وقت میں ٹرمپ کا ناقد بھی رہا۔ لیکن وقت کے ساتھ بدلتے حالات، موقع پرستی، نظریاتی آمادگی یا ان ساری چیزوں کے امتزاج کے تحت وہ ’’ٹرمپ اِزم‘‘ کی طرف جھکاؤ اختیار کرتا گیا۔ یوں اس کی تقریر میں مارکس کے ذکر کے علاوہ دوسرے نکات بھی قابل غور ہیں۔ جو گزشتہ کچھ سالوں میں ابھرنے والے دائیں بازو کے متبادل اور زیادہ انتہا پسند رجحانات کی مادی بنیادوں، نقطہ نظر اور عزائم کی غمازی کرتے ہیں۔ مثلاً اس کے اوپر نقل کیے گئے جملے دراصل سرمایہ داری کی تاریخی نامرادی اور شکست کے اعتراف کے مترادف ہیں۔ اس نے کسی تامل کے بغیر کہا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد تشکیل پانے والا ’’نام نہاد قواعد‘‘ پر مبنی عالمی لبرل آرڈر ’’کھوکھلا‘‘ ہے اور مزید نہیں چل سکتا۔ اس سلسلے میں وہ اپنے آبا و اجداد کی تاریخی جدوجہد اور امریکہ کی سنہری تاریخ کا حوالہ دیتا ہے۔ یہاں شاید یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ یہ سنہری تاریخ اندر سے جبر و استحصال کی کالک سے کس قدر بھری ہوئی ہے۔ جس میں امریکہ کے اصل (مقامی) باشندوں کی بے رحمانہ نسل کشی، سیاہ فام غلاموں پر صدیوں کا ظلم، خود سفید فام محنت کشوں سمیت دوسرے خطوں سے آنے والے ہر رنگ و نسل کے مہاجرین کا بدترین استحصال اور دنیا بھر کی انسانی محنت اور وسائل کی لوٹ مار شامل ہے۔ لیکن کس عیاری سے موصوف نے ان سارے جرائم، تضادات اور استبداد و استحصال کے نہ ختم ہونے والے سلسلوں کو عظیم امریکی قوم کے لبادے میں لپیٹ دیا ہے۔ گویا یہ ’’کارخانے، ریلوے لائنیں اور فلک بوس عمارتیں‘‘ روبیو کے اسلاف نے بڑی خوش اسلوبی، رحم دلی اور’’قومی‘‘ افہام و تفہیم کے ساتھ مل جل کر تعمیر کی تھیں (’’ہم نے انہیں تعمیر کیا!‘‘)

بہرحال آگے وہ اعتراف کرتا ہے کہ معاملات اب پہلے جیسے نہیں رہے، امریکہ زوال کا شکار ہے اور ’’ہمارے عہد کی … مایوسی پر مبنی ذہنیت‘‘ حاوی ہوتی جا رہی ہے۔ یہ دراصل ایک ایسے نظام کی فکر بول رہی ہے جس کا اپنا مستقبل مایوس کن ہے۔ لیکن روبیو نے جن الفاظ میں مسئلہ پیش کیا ہے انہی میں اس کا مبینہ حل بھی موجود ہے۔ اس کی بات کا لب لباب یہ ہے کہ امریکہ کو ’دوبارہ عظیم بنانے‘ (جیسا کہ ٹرمپ کی تحریک کا نعرہ ہے) اور اس کا سنہری دور واپس لانے کے لئے اس نام نہاد سنہری دور والے حالات دوبارہ پیدا کرنے ہوں گے۔ روبیو کے نوآبادکار اسلاف کی طرح ’’کسی خوف یا اخلاقی تذبذب کے بغیر عمل‘‘ کرنا ہو گا، ’’دور افتادہ بین الاقوامی عدالتوں‘‘، ’’بین الاقوامی قانون‘‘ اور اقوام متحدہ وغیرہ کو جوتے کی نوک پر رکھنا ہو گا، ’’دنیا پر اپنا اثر و رسوخ مسلط‘‘ کرنا ہو گا اور ’’اپنے مفادات کے لئے اپنی شرائط پر اقدامات‘‘ کرنے ہوں گے (گویا پہلے کبھی ایسا نہیں کیا گیا!)، امریکی صدر کو آمرانہ طرز پر لامحدود اختیارات دینے ہوں گے، تجارت اور امیگریشن پر پابندیاں لگانی ہوں گی اور ’’قومی عزم‘‘ کو ہر قدر، ہر قانون اور ہر ضابطے پر ترجیح دینی ہو گی۔ دوسرے الفاظ میں نام نہاد قواعد پر مبنی اس عالمی لبرل آرڈر کو ملیا میٹ کرنا ہو گا جسے خود امریکہ نے اپنے سامراجی حواریوں کے ساتھ مل کے دوسری عالمی جنگ کے بعد تخلیق کیا تھا۔ کیونکہ ایک وقت تک امریکی سامراجی عزائم کو آگے بڑھانے والا یہ آرڈر آج ان کے راستے کی رکاوٹ بن چکا ہے۔

لیکن مسئلہ صرف بین الاقوامی قوانین، معاہدوں اور ضابطوں وغیرہ تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ اس کا کلیدی اور زیادہ سنگین پہلو محنت کش عوام کے ان جمہوری، صنفی و معاشی حقوق کی سلبی ہے جن کے پیچھے صدیوں کی جدوجہد کارفرما ہے۔ ماحولیات کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے۔ دراصل عالمی جنگ کے بعد کے وقتوں میں بلند شرح منافع، طاقتور مزدور تحریکوں اور سوویت یونین کی موجودگی کے مخصوص حالات میں حکمران طبقہ یہ حقوق، مراعات اور سہولیات دینے پر کسی قدر آمادہ بھی تھا۔ لیکن آج کے حالات مختلف ہیں۔ اب محنت کشوں کے استحصال میں مزید شدت لائے بغیر سرمایہ داری کا گزارہ نہیں ہوتا۔

روبیو کی باتیں محض تجاویز نہیں ہیں بلکہ یہ ایک بین الاقوامی نوعیت کا جاری منصوبہ ہے جسے ٹرمپ اور اس کا ٹولہ دوسرے ممالک میں موجود اپنے ہم خیال رجحانات کیساتھ مل کے آگے بڑھا رہا ہے۔ لیکن یہ کسی مخصوص حکمران ٹولے کے موضوعی عزائم یا خواہشات کا معاملہ بھی نہیں ہے۔ ’’مارکس کی فکر‘‘ کی طرح دائیں بازو کے یہ انتہا پسند رجحانات بھی ٹھوس مادی حالات اور سماجی تضادات کی پیداوار ہیں۔ ایک طرف روایتی یا لبرل دایاں بازو سرمایہ داری کے بحران کو حل کرنے میں ناکام ہے، دوسری طرف اصلاح پسند بایاں بازو اس بحران زدہ نظام کا متبادل پیش کرنے سے قاصر ہے۔ پچھلے عرصے میں بائیں بازو کے نئے رجحانات بھی ابھرے ہیں۔ لیکن ریڈیکل ہونے کا تاثر دینے کے باوجود اصلاحات کی کوششوں سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ یہ کوششیں بھی زیادہ تر ناکام ثابت ہوتی ہیں۔ کیونکہ خود نظام میں ایسی گنجائشیں مفقود ہوتی جا رہی ہیں۔ لہٰذا دائیں اور بائیں بازو کی یہ (بظاہر) کمتر برائیاں بڑی حد تک آپس میں گھل مل گئی ہیں اور بڑی برائیوں کا راستہ ہموار کرتی ہیں۔

اسی قسم کا معاملہ نام نہاد اتفاقِ رائے اور قواعد پر مبنی لبرل آرڈر کا ہے۔ جس کی تاریخ سامراجی جارحیتوں، جنگوں، بربادیوں اور بے نظیر قومی و طبقاتی استحصال سے لبریز ہے۔ اس میں قواعد، ضابطوں اور اتفاقِ رائے کا کوئی عنصر موجود بھی تھا تو وہ سامراجی حکمرانوں کی آپسی انڈرسٹینڈنگ پر مبنی تھا۔ جس کا مقصد استحصال زدہ انسانوں کی فلاح نہیں بلکہ استحصالی نظام کو بے قابو عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہونے سے بچانا تھا۔ لیکن اس کی ٹوٹ پھوٹ سے کوئی نیا آرڈر نہیں بلکہ ایک ایسا ’ڈِس آرڈر‘ جنم لے رہا ہے جس میں حالات پہلے سے زیادہ بھیانک ہوتے جا رہے ہیں۔ چین، روس اور حال ہی میں سر اٹھانے یا نسبتاً آزادانہ روش اختیار کرنے والی چھوٹی علاقائی طاقتوں کو اس مساوات میں شامل کریں تو بین السامراجی تناؤ اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے براہِ راست تنازعات اور پراکسی جنگیں نہ صرف وسیع بلکہ زیادہ پیچیدہ اور خونریز بھی ہیں اور ختم ہونے کا نام نہیں لیتیں (فلسطین، یوکرائن، ایران، یمن، سوڈان، وغیرہ)۔ لہٰذا ملکی و بین الاقوامی‘ دونوں سطحوں پر پرانے معمول کی طرف واپسی محال ہے۔ سامراجی بورژوازی کے لبرل حلقے یا اصلاح پسند ایسی کوششیں ضرور کرتے ہیں جس میں جزوی یا وقتی کامیابی بھی مل سکتی ہے۔ لیکن ساتھ ہی وہ نئے حالات کے مطابق منصوبہ بندی اور تیاریوں میں بھی مصروف ہیں (یورپ میں ازسرِ نو اسلحہ بندی (ری آرمامنٹ)، امریکہ کے مقابلے میں چین کی طرف جھکاؤ، نئے عسکری اتحاد، وغیرہ)۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بیشتر ممالک جہاں باقاعدہ یا اعلانیہ فار رائٹ کی حکومتیں نہیں ہیں‘ وہاں بھی ریاستی جبر اور سنسرشپ میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ دوسرے الفاظ میں ٹرمپ جیسے حکمران جو کچھ ایک اعلانیہ، دانستہ یا واضح انداز میں کرتے ہیں، حکمران طبقات کے دوسرے دھڑے وہی کچھ ایک نسبتاً مبہم، مجہول اور سست رو طریقے سے کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ آخری تجزئیے میں نظام کے تقاضے ہی پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔

لیکن تاریخ محض حکمران طبقات کے عزائم، منصوبہ بندی اور سازشوں کے تابع نہیں ہوتی بلکہ آخر کار طبقاتی جدوجہد ہی اس کی روش کا تعین کرتی ہے۔ آج سامراجی حکمرانوں کے سر پر مارکس کا بھوت اس لئے منڈلا رہا ہے کہ بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور کشمیر سے فرانس، سپین، اٹلی، پرتگال اور چلی، بولیویا، برازیل، ارجنٹائن تک احتجاج ہو رہے ہیں، بغاوتیں پھوٹ رہی ہیں، تحریکیں ابھر رہی ہیں۔ تاریخ کے خیالی یا عینی تصور کے برعکس کوئی بھی فکر کہیں سے نازل نہیں ہوتی بلکہ مادی حالات سے جنم لیتی ہے۔ اس لئے جب تک طبقات موجود رہیں گے‘ طبقاتی جدوجہد بھی جاری رہے گی۔ اس طبقاتی جدوجہد میں سے مارکس کی فکر بھی پھوٹتی رہے گی اور حکمرانوں کے سر پر مارکس کا بھوت بھی منڈلاتا رہے گا۔ لیکن جبر و استحصال کا بھیانک ہوتا چلا جا رہا یہ سلسلہ تب ہی ختم ہو گا جب مارکس کی فکر مظلوموں اور محنت کشوں کے شعور میں سرایت کر کے ایک مادی قوت میں ڈھلے گی۔