آصف رشید

پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں گزشتہ کئی برسوں سے جاری عوامی حقوق کی تحریک نے نہ صرف اس خطے کے سیاسی منظرنامے پر گہرا اثر ڈالا ہے بلکہ کشمیر کے مسئلے کے روایتی سرکاری و غیر سرکاری بیانیوں پر بھی بنیادی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ آٹا، بجلی، ٹیکس، روزگار، تعلیم، صحت، حکمران طبقے کی مراعات اور ریاستی اخراجات کے مسائل پر اٹھنے والی یہ تحریک اب محض معاشی مطالبات تک محدود نہیں رہی بلکہ مروجہ سیاسی و ریاستی بندوبست کو چیلنج کر رہی ہے۔

اس سارے عمل کی اہم خاصیت یہ ہے کہ اس نے عام لوگوں کو سیاسی عمل کا فعال کردار بنا دیا ہے۔ محنت کش، طلبہ، بیروزگار نوجوان، خواتین ، تاجر اور دوسری سماجی پرتیں اپنے روزمرہ مسائل کو زیر بحث لا رہے اور اجاگر کر رہے ہیں۔ اسی لئے اس تحریک کو محض ایک وقتی احتجاج نہیں سمجھا جا سکتا۔

لیکن جموں کشمیر بالخصوص راولاکوٹ (پونچھ) کی موجودہ صورتحال ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں ریاست اور عوامی تحریک کے درمیان تصادم محض سیاسی اختلافات یا مطالبات کا تنازعہ نہیں رہا بلکہ ایک وسیع تر سیاسی، سماجی اور ریاستی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے واقعات نے واضح کیا ہے کہ ریاست نے تحریک کو طاقت، خوف، گرفتاریوں، دھمکیوں اور قیادت پر دباؤ کے ذریعے ختم کرنے کی جو حکمت عملی اختیار کی تھی‘ وہ زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی (اگرچہ تحریک کو فی الوقت ایک علاقے تک محدود ضرورکر دیا گیا ہے)۔ تقریباً 130 پرتشدد ہلاکتوں کے باوجود تحریک کو کم از کم کچلا نہیں جا سکا ہے۔ اس ناکامی سے مقتدر حلقے فرسٹریشن کا شکار بھی نظر آتے ہیں۔ بہرحال وہ جبر کے استعمال پر بضد ہیں۔ اس معاملے پر ان کی داخلی تقسیم کے اشاروں کے باوجود ریاست کا ایک حاوی حصہ جارحانہ موقف اپنائے ہوئے ہے۔ اس طرز عمل نے لوگوں کی کثیر تعداد کے سامنے سرمایہ دارانہ ریاست کے حقیقی کردار کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ تاہم مسلسل ریاستی جبر اور بھاری جانی و مالی نقصان کے باوجود لوگ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ اگرچہ وقت کے ساتھ تحریک کے داخلی مسائل، خاطر خواہ حکمت عملی کے فقدان اور مسئلے کے سیاسی حل کے حوالے سے سوالات اور آوازیں زور پکڑ رہی ہیں۔ لیکن ایک بار پھر یہ ساری صورتحال اس حقیقت کا اظہار ہے کہ فوری مطالبات کے پیچھے عوام کے سیاسی شعور میں لگنے والی جست اور اجتماعی احساسِ محرومی کارفرما ہے جسے وقتی طور پر دبایا تو جا سکتا ہے‘ ختم نہیں کیا جا سکتا۔

لہٰذا کسی تحریک کو وقتی طور پر منتشر کرنا اور اس کے بنیادی اسباب کو ختم کرنا دو مختلف چیزیں ہوتی ہیں۔ مزید برآں اگر کسی بڑے یا فیصلہ کن آپریشن کے ذریعے احتجاجی عمل کو کچلنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں اور حالات مزید بگڑنے کی طرف جا سکتے ہیں۔ تحریک مزید بھڑک بھی سکتی ہے۔ صورتحال ایک وسیع تر انتشار اور خانہ جنگی کی طرف بھی جا سکتی ہے۔ ایسی کارروائیوں سے وقتی طور پر سڑکیں اور چوک تو خالی کروائے جا سکتے ہیں۔ لیکن عوام کے دل و دماغ میں بھرے غصے، محرومی اور مزاحمت کے جذبات کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ایک مستقل عدم استحکام اور بغاوت کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ ان خطرات سے شاید ریاست کے سنجیدہ پالیسی ساز بھی آگاہ ہیں۔ مزید برآں گزشتہ چند ماہ کے دوران ریاستی جبر کی جو روش اپنائی گئی ہے اس سے کشمیر کے حوالے سے ریاست پاکستان کے تاریخی موقف کو شدید سیاسی و اخلاقی نقصان بھی پہنچایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کم از کم اب تک کسی فیصلہ کن یا زیادہ خونریز کارروائی سے ہچکچا رہے ہیں۔

پاکستانی ریاست کے قومی بیانئے میں مسئلہ کشمیر کو بنیادی اہمیت حاصل رہی ہے۔ یہ تنازعہ پاکستان کی داخلی سیاست، خارجہ پالیسی، دفاعی حکمت عملی اور عسکری ڈھانچے کی تشکیل میں کلیدی کردار کا حامل رہا ہے۔ لیکن جموں کشمیر کے پاکستانی زیر انتظام علاقے کے گزشتہ کچھ مہینوں کے حالات نے ریاست کے قول و فعل میں گہرے تضاد کو عیاں کر دیا ہے۔ ایسے میں لائن آف کنٹرول کے اِس پار مجبوری اور محرومی کے احساسات شاید بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر سے زیادہ گہرے سوالات کو جنم دے رہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے تاریخی پس منظر اور حالات کو بالکل یکساں قرار نہیں دیا جا سکتا۔ لیکن دنیا بھر میں سامراجی ریاستوں کا کردار ایک دوسرے سے کچھ زیادہ مختلف بھی نہیں ہوتا۔ اگرچہ بورژوا سیاست، جمہوریت اور سفارتکاری کے فریبوں میں چھپا یہ کردار مخصوص حالات اور واقعات میں ہی کھل کر سامنے آتا ہے۔

ریاست نے بدستور مذاکرات سے پہلے تحریک کی قیادت کے سامنے سرنڈر کی شرط عائد کر رکھی ہیں۔ مذاکرات کا بنیادی مقصد فریقین کے اختلافات کو سمجھنا، اعتماد سازی کو بحال کرنا اور کسی قابلِ قبول درمیانی راستے تک پہنچنا ہوتا ہے۔ لیکن جب مذاکراتی عمل شروع ہونے سے پہلے ہی ایک فریق سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا جائے تو کسی مثبت پیش رفت کے امکانات خاصے کم ہو جاتے ہیں۔ لیکن پھر دوسری طرف ریاست کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اتنے بگڑ چکے حالات میں مذاکرات کر کے تحریک کو اپنا ہم وزن اور ہم پلہ ثابت نہیں کرنا چاہتی۔ کیونکہ ایسا تاثر اس کی اپنی اتھارٹی، خوف اور دبدبے کو ٹھیس پہنچائے گا۔ جبکہ تحریک کی قیادت کے لئے بھی مذاکرات کے لئے دھرنے و احتجاج وغیرہ ختم کر کے سرنڈر کرنے کے مضمرات سمجھنا کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے۔ لہٰذا یہ ایک ڈیڈ لاک کی کیفیت ہے۔

23 نومبر کو اسلام آباد میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ کانفرنس اور اس میں سامنے آنے والی تجاویز (بالخصوص سابق صدر سردارمسعود خان کی جانب سے) اس حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی تھیں۔ اس کانفرنس میں مذاکرات، اعتماد سازی اور مسئلے کے پرامن سیاسی حل کی طرف بڑھنے کا نسبتاً معقول راستہ تجویز کیا گیا۔ جو اس بحران کے حل کی راہ ہموار کر سکتا تھا (اگرچہ اس کانفرنس میں جہادی پس منظر سے تعلق رکھنے والے مشکوک کردار کے حامل لوگ بھی موجود تھے جن کے ذومعنی بیانات نے نئے شبہات اور کنفیوژن کو جنم دیا ہے)۔ بہرحال اگلے ہی روز پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی پریس کانفرنس میں انتہائی سخت موقف اختیار کیا گیا کہ مسلح افراد اور کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے اور ریاست بوقت ضرورت طاقت کے ذریعے اپنی رٹ قائم کرے گی۔ اس کے بعد مظفرآباد اسمبلی میں بھی اسی قسم کی قرارداد منظور کی گئی کہ ایکشن کمیٹی سے ریاست کی شرائط پر ہی مذاکرات ہوں گے۔

ان واقعات کے دو روز بعد اب سوشل میڈیا پر ایک اور مشکوک قسم کے جہادی گروہ (جس کے بارے میں ریاستی پروردہ ہونے کا عام تاثر پایا جاتا ہے) کے ویڈیو بیانات بھی گردش کر رہے ہیں کہ وہ تحریک کے خلاف کسی آپریشن کو کشمیر پر حملہ تصور کریں گے اور اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ یہ ایک انتہائی خطرناک پیش رفت ہے جو ریاست کو تحریک کے خلاف جبر کے مزید جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ جموں کشمیر کے بیشتر عام لوگ ماضی کے تجربات کی روشنی میں ایسے گروہوں سے بیزاری اور لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ گزشتہ عرصے میں عوامی تحریک کی آڑ میں ایسے گروہ پہلے بھی جزوی طور پر سرگرم نظر آئے ہیں۔ جس سے تحریک کا کوئی بھلا نہیں ہوا۔ لیکن عوام کو اس معاملے میں اب زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص قیادت کو اس حوالے سے نہ صرف زبانی بلکہ عملی طور پر ایک دوٹوک موقف اپنانا چاہئے۔

لیکن مذکورہ بالا پیش رفتیں جہاں اس بحران کو لے کر ریاست کے اندر موجود اختلافات کو واضح کرتی ہیں وہاں خود تحریک کے قیادت کے اند ر بھی ایک تذبذب کی کیفیت واضح ہے۔ جو وقتاً فوقتاً اختلافی یا متضاد نوعیت کے بیانات کی صورت اپنا اظہار کرتی ہے۔ درحقیقت تاریخ کی عظیم ترین انقلابی تحریکوں میں بھی داخلی تضادات، اختلافات اور کمزوریاں موجود ہوتی ہیں۔ ہر طرح کے گھس بیٹھئے، تخریب کار، سرکاری ایجنٹ اور لمپن عناصر بھی اپنی واردات کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن ا ن مسائل پر جلد از جلد قابو پانا لازم ہوتا ہے۔ بصورت دیگر ناقابل تلافی نقصان آنے والی نسلوں کا مقدر بن جاتا ہے۔ تحریک کی سیاسی فارمیشن، تنظیمی ڈھانچے، نظریاتی اساس اور پروگرام میں ہر ممکن حد تک ہم آہنگی اور وقت و حالات سے مطابقت رکھنے والی حکمت عملی (بشمول تذویراتی نوعیت کی پسپائی و ’’مصالحت‘‘ اور ہر طرح کی چالبازی) اور نعرے اسی لئے بے انتہا اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ بصورت دیگر ریاستیں، جو بالعموم تحریکوں سے کہیں زیادہ منظم اور مرکزی منصوبہ بندی کی حامل ہوتی ہیں، بہت آسانی اور سبک رفتاری سے احتجاجی عوام کو گھیرنے، مہم جوئی کی طرف مائل کرنے، تھکانے یا دوسرے طریقوں سے منتشر کرنے اور کچلنے کے قابل ہو جاتی ہیں۔ جموں کشمیر کی تحریک کے بحران کو اس پیرائے میں بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کی جانب سے جبر اور طاقت کے استعمال کی مذمت اور مزاحمت لازم ہے۔ لیکن تحریک کی قیادت کو اپنی سیاسی اور تنظیمی کمزوریوں کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سے مبرا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس حوالے سے خاصی تاخیر اور خاصے نقصان کا سامنا پہلے سے کرنا پڑ چکا ہے۔

کسی بھی جنگ کی طرح محکوموں کی بغاوتوں میں بھی طاقتوں کا توازن اکثر اوقات فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اسی توازن کے حساب کتاب اور جائزے کی روشنی میں کسی تحریک کی قیادت کے لئے بات چیت، مذاکرات اور دوسرے سیاسی راستے کھلے رکھنا بھی لازم ہوتا ہے۔ جس کے لئے ہر قسم کی انا، جذباتیت‘ حتیٰ کہ خود تحریک کے اپنے دباؤ کا بھی مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ بغاوت میں اترے عوام لڑنے مرنے پر تیار ہوتے ہیں۔ لیکن کم سے کم جانی و مالی ضیاع کی ہر ممکنہ کوشش بھی انقلابی یا مزاحتمی حکمت عملی کا بنیادی جزو ہونی چاہئے۔ لیکن بدقسمتی سے موجودہ تحریک میں متعدد مواقع پر قیادت کی جانب سے ایسی غیر لچکدار اور ’’غیر سیاسی‘‘ حکمت عملی اختیار کی گئی جس نے مذاکرات کے امکانات کو محدود کیا اور نہتے عوام کو ریاستی طاقت کے سامنے براہِ راست لا کھڑا کیا۔ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی ایسی شرائط سامنے رکھ دینا جنہیں دوسرا فریق سرے سے قبول کرنے کے لیے تیار نہ ہو‘ سیاسی حکمت عملی نہیں ہو سکتی۔ ایسا رویہ تبھی اپنایا جا سکتا ہے جب طاقتوں کا توازن بالکل واضح اور فیصلہ کن طور پر آپ کے حق میں ہو۔ اس کے بغیر دوررس اہداف (اگر کوئی ہوں تو!) کو مدنظر رکھتے ہوئے وقتی طور پر درمیانی راستے اور مرحلہ وار پیش رفت کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ کیونکہ غیر لچکدار، جلد بازی پر مبنی یا دوسرے حوالوں سے ناقص حکمت عملی کے نتائج صرف رہنماؤں تک محدود نہیں رہتے بلکہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت ساری آبادی کو ان کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ لہٰذا جہاں ریاست کی جانب سے اجتماعی سزاؤں کا عمل انسان دشمن اور ناقابل قبول ہے وہاں قیادت کو بھی عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے اور ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے انہیں کسی لاحاصل اور غیر متوازن جنگ میں نہ جھونک دیا جائے۔ سیاسی جرات کا مطلب صرف سخت مؤقف اختیار کرنا نہیں ہوتا بلکہ حالات کا درست تجزیہ کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے، غلطیوں کو درست کرنے اور عوامی مفاد میں سمجھوتے کی گنجائش پیدا کرنے کی صلاحیت بھی ہوتا ہے۔ اس حوالے سے نام نہاد کفن پوش مارچ کی حکمت عملی بھی نظر ثانی کی متقاضی ہے۔

موجودہ بحران کی ایک اور بنیادی وجہ متبادل قیادت کی عدم موجودگی بھی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں انقلابی، ترقی پسند یا کم از کم سیاسی طور پر تجربہ کار قوم پرست تنظیموں یا رہنماؤں نے تحریک کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن کور کمیٹی کسی طویل سیاسی و تنظیمی عمل کی پیداوار نہیں تھی۔ بلکہ مخصوص حالات، عوامی اضطراب اور خطے کی مخصوص طبقاتی ہیئت کے نتیجے میں نسبتاً بہت کم وقت میں ابھری تھی۔ دوسری جانب وہ سیاسی قوتیں جو ایک متبادل قیادت فراہم کر سکتی تھیں‘ تحریک کے امکانات اور مخفی عوامی قوت کا ادراک کرنے میں ناکام رہیں۔ اس حوالے سے وہ بروقت آگے بڑھ کر قیادت سنبھالنے یا کم از کم اس کا اہم حصہ بننے سے گریزاں رہیں۔

جب عوامی تحرک کے نتیجے میں سستے آٹے اور بجلی وغیرہ کے کلیدی مطالبات تسلیم ہوئے تو اس کامیابی کا تمام کریڈٹ کور کمیٹی کے حصے میں آیا۔ جس کے بعد اس قیادت نے روایتی قسم کا کردار ادا کرتے ہوئے بتدریج انقلابی رجحانات اور دوسرے نسبتاً میچور سیاسی کارکنوں کو فیصلہ سازی سے باہر کرنا شروع کر دیا۔ تحریک کی حکمت عملی پر تنقید کو تحریک دشمنی سے تعبیر کیا گیا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر باقاعدہ گالم گلوچ اور الزام تراشی کا کلچر پروان چڑھا اور چڑھایا گیا۔ جبکہ کور کمیٹی کے رویے اور طریقہ کار پر تحفظات رکھنے والی مذکورہ بالا قوتیں بھی کوئی سیاسی لائحہ عمل اور پروگرام سامنے لانے میں ناکام رہیں۔ یوں ایک تاریخی موقع ضائع ہو گیا جس کے ذریعے جموں کشمیر میں ایک نئی، وسیع عوامی بنیادوں کی حامل انقلابی ( یا کم از کم ریڈیکل مزاحمتی نوعیت کی) سیاسی قوت تعمیر کی جا سکتی تھی اور موجودہ جدوجہد کو جموں کشمیر کے اندر اور باہر آگے بڑھا سکتی تھی۔

کور کمیٹی نے صبر و استقلال سے عوام کو منظم کرنے اور ان کی اجتماعی طاقت پر انحصار کرنے کی بجائے ریاستی اہلکاروں اور گارنٹروں کی یقین دہانیوں کو اپنی حکمت عملی کی بنیاد بنا لیا۔ عوام کی قوت کو ادارہ جاتی ضمانتوں کے تابع کرنے کا نتیجہ یہ نکلا کہ تحریک ایک ٹریپ کا شکار ہو کر بتدریج محدود ہوتی گئی اور آخر کار ایک بند گلی میں داخل ہو گئی۔ جہاں ریاستی جبر اور دھونس سے مقابلے کے راستے معدوم ہوتے گئے۔ اس ساری صورتحال کا بنیادی سبق یہ ہے کہ عوامی تحریکیں محض احتجاجوں اور وقتی کامیابیوں سے آگے نہیں بڑھتی۔ انہیں دوررس تناظر (بشمول اپنی قوتوں کی حدود کے ادراک)، نظریاتی وضاحت، ٹھوس جمہوری مرکزی تنظیم، اجتماعی قیادت اور حالات و واقعات کے مطابق طریقوں کی مسلسل تبدیلی درکار ہوتی ہے۔ بصورت دیگر عام لوگوں کی عظیم ترین قربانیاں بھی چند وقتی کامیابیوں تک محدود ہو جاتی ہیں۔ ایسی کامیابیاں جنہیں پھر حکمرانوں کے لئے واپس چھیننا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

موجودہ تحریک میں تشدد اور اسلحے کے استعمال کے سوال کو بھی سیاق و سباق سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ریاست کی جانب سے طاقت کے بے رحمانہ استعمال سے معاملات تصادم کی اس نہج تک پہنچے جہاں عوام میں شدید غم و غصے، عدم تحفظ کے احساس اور انتقام کے جذبات سے جوابی تشدد کے رجحانات نے جنم لیا۔ یا ایسے رجحانات کو موقع ملا کہ وہ اپنی کارروائیاں کر سکیں۔ اس لئے موجودہ تحریک میں تشدد کے واقعات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ ریاستی جبر کی کارروائیوں، عام شہریوں کے دفاعی ردعمل اور پھر رجعت یا اشتعال انگیزی پر مبنی مشکوک مسلح سرگرمیاں… ان سب کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔

تاہم ماضی میں ریاستی سرپرستی میں استعمال ہونے والے بعض مذہبی عسکری گروہوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے۔ ان میں سے بیشتر کو بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں پراکسیوں کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم بدلتے عالمی و علاقائی حالات میں بعد ازاں انہیں پاکستانی ریاست کی جانب سے کالعدم قرار دے دیا گیا۔ اس کے باوجود ایسے عناصر کی سرگرمیاں، مسلح اجتماعات اور بھرتیاں اہم سوالات پیدا کرتی ہیں۔ ماضی میں کالعدم ہونے کے باوجود راولاکوٹ جیسے حساس شہر میں ایسے گروہوں کے مسلح مظاہروں اور بعض ریاستی حلقوں سے روابط کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا یہ تشویش بالکل بجا ہے ان میں سے کچھ عناصر تحریک کے نام اور عوامی جذبات کو اپنے عسکری، تنظیمی اور مالیاتی مفادات کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ امکان بالکل نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ایسے عناصر کو ابھار کر تحریک کو بدنام کرنا، دہشت گردی سے جوڑنا اور کسی بڑے ریاستی آپریشن کا جواز پیدا کرنا مقصود ہے۔ ایسے عناصر کو تحریک کی صفوں میں کوئی جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ اسی طرح ماضی میں ریاستی اداروں سے وابستہ رہنے والے بعض افراد کا معاملہ ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ریاست سے اپنی ناراضگی کو تحریک کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ قیادت کے ساتھ ساتھ عوام کا اجتماعی فریضہ بھی ہے کہ وہ اپنی جدوجہد کو کسی فرد یا گروہ کے ذاتی عزائم کا ذریعہ نہ بننے دیں۔ مزید برآں اسلحے کی خرید و فروخت، منشیات کے دھندے اور دوسرے غیر قانونی کاروباری مفادات کے لئے موجودہ حالات سے فائدہ اٹھانے والے عناصر کی بے دخلی بھی ضروری ہے۔ یہ محض اخلاقی مسئلہ نہیں بلکہ تحریک کے سیاسی مستقبل اور اس پر عوام کے اعتماد کا سوال ہے۔

ریاست اگر واقعی اس بحران کے حل میں سنجیدہ ہے تو ضرورت اس امر کی ہے کہ 23 نومبر کی کانفرنس میں قائم ہونے والی ثالثی کمیٹی کی تجاویز کو محض ایک رسمی کاروائی نہ سمجھا جائے بلکہ مذاکرات کی بنیاد بنایا جائے۔ ظاہر ہے اس کے لئے دونوں فریقوں کو لچک کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ لیکن اس معاملے میں پہل ریاست ہی کر سکتی ہے۔ اس سلسلے میں اعتماد کی بحالی کے لیے ابتدائی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ جن میں مزید طاقت کے استعمال سے گریز، گرفتاریوں اور مقدمات کے معاملے کا منصفانہ جائزہ، دھرنوں اور عوامی اجتماعات کے حوالے سے واضح طریقہ کار اور مذاکرات کے لئے متفقہ نمائندگی شامل ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مذاکرات کے عمل میں عوام کو محض تماشائی نہ بنایا جائے بلکہ ان کی رائے، مشاورت اور فیصلہ سازی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔

موجودہ صورتحال نے تحریک کے سامنے ایک فیصلہ کن سوال کھڑا کر دیا ہے۔ کیا تحریک مسلسل تصادم، ریاستی جبر اور ردعمل کے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے میں آگے بڑھ سکتی ہے؟ یا ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے کسی معقول سیاسی لائحہ عمل، پروگرام اور تنظیم سازی کی طرف بڑھنا ہو گا۔ پونچھ کی صورتحال ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ جو بڑی بربادی کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ سمجھنا ہو گا کہ عوامی قربانیوں کا احترام صرف سخت قسم کی بیان بازی سے نہیں بلکہ درست سیاسی فیصلوں، جمہوری طرزِ عمل، ذمہ دارانہ حکمت عملی اور عوام کی جانوں کے تحفظ سے کیا جاتا ہے۔ ریاستی جبر کے خلاف مزاحمت اور سیاسی حکمت عملی میں لچک ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ اسی طرح مذاکرات کا مطلب بنیادی مطالبات اور اصولوں سے دستبرداری نہیں بلکہ اپنے مقاصد کے حصول کا سیاسی راستہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔ یوں موجودہ بحران کا حل نہ ریاستی آپریشن ہے اور نہ ہی لا محدود تصادم۔

آج کشمیر کے عوام کے سامنے اصل چیلنج اپنی قوتوں اور موجودہ تحریک کی حاصلات کو بچا کر مستقبل کی طبقاتی و قومی جدوجہد کی راہ ہموار کرنا ہے۔

مطالبات/تجاویز

﴾ 23 نومبر کی کانفرنس میں قائم ہونے والی ثالثی کمیٹی کی تجاویز کو مذاکرات کی بنیاد بنایا جائے۔ مذاکرات کو سرنڈر یا شکست کا نام دینے کے بجائے سیاسی حل کا راستہ تسلیم کیا جائے۔
﴾ کسی بھی بڑے آپریشن، اجتماعی گرفتاریوں، ماورائے عدالت کارروائیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ عوامی احتجاج اور سیاسی اختلاف کو طاقت سے ختم کرنے کی ریاستی پالیسی ترک کی جائے۔
﴾ کور کمیٹی اور اس کی ایڈوائزری باڈی کے اندر فیصلہ سازی کے عمل کو زیادہ جمہوری، شفاف اور جواب دہ بنایا جائے۔ طلبہ، خواتین، تاجروں اور محنت کشوں کو مشاورت اور فیصلہ سازی میں حقیقی نمائندگی دی جائے۔
﴾ تحریک کے نام پر سرگرم کسی بھی ایسے گروہ کو قبول نہ کیا جائے جو مذہبی عسکریت پسندی، پراکسی سیاست، غیر قانونی بھرتیوں، اسلحے کے کاروبار یا ذاتی انتقام کے لئے تحریک کو استعمال کر رہا ہو۔ اس حوالے سے کمیٹی اپنا غیر مبہم مؤقف عوام کے سامنے رکھے اور عملاً اسے ثابت کرے۔
﴾ گزشتہ واقعات میں جان سے جانے والے افراد، زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا جائے۔ واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کے لئے سیاسی و قانونی جدوجہد کی جائے۔
﴾ آٹے، بجلی اور دیگر بنیادی مطالبات کے ساتھ مقامی وسائل پر اختیار، روزگار، تعلیم، صحت، ماحولیات کے تحفظ، سیاسی خودمختاری، جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سرکاری افسر شاہی کی مراعات کے خاتمے جیسے بنیادی سوالات کو بھی ایک جامع پروگرام کا حصہ بنایا جائے۔
﴾ تحریک کو مخصوص علاقے یا خطے سے آگے بڑھانے کی جدوجہد کی جائے۔ سارے جموں کشمیر کے عوام اور جنوب ایشیا بھر کے محنت کشوں، طلبہ اور ترقی پسند سیاسی قوتوں کو باہم یکجا کرنے کی کوشش کی جائے۔ مختلف قوموں کے عوام کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے والی قوم پرستانہ اور مذہبی منافرت کی سیاست کو مسترد کیا جائے۔
﴾ تحریک کی اجتماعی طاقت کا اصل سرچشمہ عوام کی وسیع شرکت، سیاسی شعور، تنظیم اور اتحاد ہے۔ اس طاقت کو کسی مسلح گروہ یا محدود حلقے کے تابع ہو جانے سے بچانے کی جدوجہد کی جائے۔