کراچی (ارشاد علی) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر ورکز ہال کراچی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا عنوان ”بالشویک انقلاب کی 102 ویں سالگرہ اور دورِحاضر کی تحریکیں“تھا۔ پروگرام کی صدارت حنیف مصرانی نے کی اور مقررین میں عوامی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری اختر حسین ایڈوکیٹ، پرنسپل ذوالفقار علی بھٹو لا کالج پروفیسر ریاض حسین بلوچ، ڈاکٹر ریاض شیخ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، زیبسٹ وومن ڈیموکریٹک فرنٹ کی رہنما عابیرہ ایڈوکیٹ، ماجدمیمن، حاتم لنڈ، عمر بلوچ، سلطان، نیشنل لیبر کے جنرل سیکرٹری کرامت علی اور دیگر شامل تھے۔

مقررین  نے انقلاب کے حالات اور اس کے بعد ہونے والی عالمی صورت حال کے تناظر میں آج کی تحریکوں کو زیر بحث لایا۔ پروگرام میں جے کے این ایس ایف، بی ایس او اور دیگر نوجوانوں کے علاوہ محنت کشوں نے بھی شرکت کی جن میں کے پی ٹی، پاکستان سٹیل ملز، پی سی ہوٹل ورکرز یونین، پی آئی اے، فشرفوک فورم، این ٹی یو ایف کے الیکٹرک اور دیگر اداروں کے محنت کش شامل تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض جنت حسین نے ادا کئے اور محنت کشوں کا عالمی ترانہ گاکر پروگرام کا باقاعدہ اختتام کیاگیا۔