انٹرنیشنل سوشلسٹ لیگ
(زیر نظر بیان وینزویلا پر حالیہ امریکی حملے کے کچھ دیر بعد انٹرنیشنل سوشلسٹ لیگ کے بین الاقوامی سیکرٹریٹ کی جانب سے شائع کیا گیا۔)
ہفتہ 3 جنوری 2026ء کی صبح کے ابتدائی اوقات میں امریکہ نے وینزویلا پر حملہ کیا۔ دارالحکومت کاراکاس کے مختلف علاقوں‘ بالخصوص شہر کے جنوبی حصے میں بمباری کی گئی اور بڑے دھماکے ہوئے۔ اسی نوعیت کی جارحیت دیگر ریاستوں (میرانڈا، اراگوا اور لا گویرا) میں بھی کی گئی۔
یہ واقعات تاحال جاری ہیں اور گردش کرنے والے مختلف بیانات کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ تاہم امریکہ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار (دراصل اغوا) کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا ہے۔ امریکی سامراجی جارحیت میں یہ شدت ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے جسے فوراً مسترد کیا جانا چاہیے۔ سامراج کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ جب چاہے اپنے مفادات کے دفاع کے نام پر کسی بھی بہانے سے دوسرے ممالک کی سالمیت پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ حملہ آور ہو جائے۔
اس حوالے سے ہم بطور انٹرنیشنل سوشلسٹ لیگ (ISL):
﴾ وینزویلا کے خلاف ٹرمپ کی سامراجی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک کے داخلی سیاسی مستقبل میں ہر قسم کی بیرونی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔
﴾ وینزویلا پر حملہ آور بحری فضائی افواج اور زمینی دستوں، جو کولمبیا اور کیریبین کے لیے بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں، کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
﴾ لاطینی امریکہ اور دنیا بھر کی حکومتوں‘ نیز خود کو جمہوری کہلانے والی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی ریاست کی ڈاکہ زنی اور مداخلت پر مبنی ایسی کاروائیوں کی کھل کر مذمت کریں۔
﴾ وینزویلا کی موجودہ حکومت کے ساتھ بنیادی اختلافات، جن کی بنیاد پر ہم بائیں جانب سے اس کی مخالفت کرتے ہیں، کے باوجود 3 جنوری کو کی گئی تمام سامراجی کاروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مادورو اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
﴾ وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ٹرمپ اور اس کے مقامی حواریوں کی مداخلت کے خلاف وینزویلا کی خودمختاری کے دفاع کی حمایت کرتے ہیں۔ نیز اس بات کا پرچار کرتے ہیں کہ وینزویلا کا محنت کش طبقہ اپنے جمہوری، سماجی اور سیاسی حقوق دوبارہ حاصل کرے اور اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ خود کرے۔
﴾ وینزویلا اور پورے لاطینی امریکہ میں دائیں بازو کی کاسہ لیس اور سامراج نواز قوتوں کے گھناؤنے کردار کی مذمت کرتے ہیں۔
﴾ امریکی سامراج کے خلاف اور وینزویلا کے عوام کے دفاع میں وسیع ترین اتحادِ عمل اور عالمی سطح پر متحرک ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔
وینزویلا اور لاطینی امریکہ سے سامراج کو نکال باہر کرو!
