رپورٹ: بدر رفیق

مظفر آباد

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام شہید کشمیر مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر اندرون و بیرون ریاست احتجاجی پروگرامات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری، طلبہ یونین پر عائد پابندی اور سرمایہ دارانہ جبر و استحصال کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کالج گراؤنڈ سے پریس کلب مظفر آباد تک منعقدہ احتجاجی ریلی میں سیکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ جلسے سے مرکزی ڈپٹی فنانس سیکرٹری راجہ حسنین، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، ضلعی آرگنائزر مفید باغی، سی سی ممبر اذان چوہدری، کالج آرگنائزر راشد عزیز، خواجہ جمیل، مروت راٹھور، کلیم عباسی، مقصود عباسی، عرفان عباسی، دلاور راٹھور اور دیگر کامریڈز نے خطاب کیا۔ مقررین نے مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد کو سرخ سلام پیش کیا اور کہا کہ بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے جن مقاصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے اس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔

راولاکوٹ

ضلع پونچھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر راولاکوٹ میں مقبول بٹ شہید اور شہدا چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی صدر خلیل بابر نے کی۔ مہنگائی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ، نجکاری، طلبہ یونین پر عائد پابندی، سرمایہ دارانہ استحصال اور سامراجی غلامی کے خلاف احتجاجی ریلی کے شرکا نے مقبول بٹ شہید چوک میں پہنچ کر کچہری روڈ پر جلسے کا انعقاد کیا۔ جلسے میں نظامت کے فرائض ایڈیٹر ’عزم‘ بدر رفیق نے ادا کئے، جبکہ ریلی کے شرکا سے مرکزی صدر خلیل بابر کے علاوہ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری انعم اختر، مرکزی ڈپٹی چیئرمین مالیاتی بورڈ دانش یعقوب، ممبر سنٹرل کمیٹی نقاش امین، چیئر پرسن جامعہ پونچھ سٹی کیمپس علیزہ اسلم، آرگنائزر پوسٹ گریجویٹ کالج حنان بابر اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ شہید کشمیر مقبول بٹ و شہدائے چکوٹھی کے ادھورے مشن جموں کشمیر کی قومی آزادی کے حصول اور استحصال سے پاک معاشرے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ جلسے کے اختتام پر مرکزی صدر کی قیادت میں جلسہ گاہ سے ریلی کی شکل میں شرکا نے کچہری گیٹ پر قائم ’تادمِ مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ‘ میں اظہارِ یکجہتی کے لئے شرکت کی۔ یہ ہڑتالی کیمپ ’متحدہ محاذ‘ کی طرف سے جامعہ پونچھ کے چھوٹا گلہ کیمپس کی عدم تعمیر کے خلاف قائم کیا گیا تھا۔

ہجیرہ

کنٹرول لائن کے قریبی شہر ہجیرہ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کالج گراؤنڈ ہجیرہ سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی میں سیکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ سیراڑی چوک ہجیرہ میں احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی جلسے کے شرکا سے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر عثمان عزیز، سابق چیف آرگنائزر تنویر انور، سابق جنرل سیکرٹری سٹی یونٹ عزیر فیاض، چیئرمین سٹی یونٹ اسامہ ریاض، مرکزی رہنما صائمہ بتول، چیئرمین ڈگری کالج یونٹ سیف اللہ، جنرل سیکرٹری بلال اکبر، ممبر سنٹرل کمیٹی اسامہ پرویز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

باغ

باغ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج چوک سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مرکزی سینئر نائب صدر عدنان خان اور سابق مرکزی سینئر نائب صدر راشد باغی نے کی۔ ریلی کالج چوک سے شروع ہو کر پریس کلب باغ کے سامنے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکا سے مرکزی سینئر نائب صدر عدنان خان، سابق مرکزی سینئر نائب صدر راشد باغی، بشریٰ عزیز، ہمایوں احمد، فائزہ اور دیگر نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض احسان ذاکر نے ادا کئے۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک مقبول بٹ شہید کی جدوجہد کو انقلاب میں نہیں بدل دیتے جدوجہد جاری رہے گی۔

پلندری

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر کوٹلی چوک سے سپلائی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی چیف آرگنائزر سعد خالق کر رہے تھے۔ شرکا ریلی نے مہنگائی، بیروزگاری، طلبہ یونین پر عائد پابندی اور معاشی و قومی جبر و استحصال کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکا ریلی سے مرکزی چیف آرگنائزر سعد خالق، سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، مرکزی رہنما عثمان پرویز، جنید اقبال اور ڈاکٹر عصمت خان نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کی قومی آزادی کا واحد حل کشمیر کے مظلوم طبقات کی لڑائی کو دنیا بھر کے محنت کشوں کی لڑائی کے ساتھ جوڑ تے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ایک آزاد اور استحصال سے پاک معاشرے کا قیام ہی شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کو اصل معنوں میں خراج عقیدت ہو گا۔

راولپنڈی

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی برانچ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا ریلی سے مرکزی سیکرٹری جنرل باسط ارشاد باغی، چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعد الحسن، سابق چیئرمین راولپنڈی برانچ زاہد اقبال ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب خان، مرکزی رہنما شاہزیب صابر، اسرار ملک، راجیش کمار اور دیگر نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معیظ اختر نے ادا کئے۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک مقبول بٹ کی جدوجہد کو انقلاب میں نہیں بدل دیتے جدوجہد جاری رہے گی۔ سرمایہ دارانہ نظام اب ایک متروک نظام ہے جس میں انسانیت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ اس نظام کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے واحد حل سوشلزم کے نظریات ہیں اور سوشلسٹ انقلاب برپا ہونے سے ہی انسانیت اس ظلم اور استحصال سے جھٹکارہ حاصل کر سکتی ہے۔

یو اے ای

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ابو ظہبی میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب سے چیئرمین شعبہ نشر و اشاعت فیضان علی سرور، خضر خان، واجد اصغر، فہد زاہد، ظہور عالم، توصیف اروق اور امین خان سمیت دیگر نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ذوالفقار شبیرنے ادا کئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد جموں کشمیر کی محکومی، رجعتی عناصر، فرسودگی، جہالت، دولت پسندی اور استحصال کے خلاف تھی۔ شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سے اس خطے سے ہر طرح کے استحصال اور محکومی کے خاتمے اورایک حقیقی انسانی معاشرے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔