کوٹ ادو (علی اکبر) بالشویک انقلاب کی 103 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 27 نومبر 2020ء بروز جمعہ پریس کلب کوٹ ادو میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا موضوع ’بالشویک انقلاب اور عہد حاضر میں محنت کشوں کا کردار‘ تھا۔ تقریب کے سٹیج سیکرٹری شہریار تھے جنہوں نے بالشویک انقلاب کے پس منظر پر بحث کا آغاز کیا۔ اس کے بعد علی اکبر نے بالشویک انقلاب کے برپا ہونے اور اس کے عالمی اثرات پر تفصیلی بحث کی اور موجودہ دور میں بالشویزم کی ناگزیر ضرورت اور مزدور تحریک سے اس کی جڑت کا خاکہ پیش کیا۔ گفتگو کو سمیٹتے ہوئے علی اکبر نے شرکا کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے پلیٹ فارم سے اشتراکی انقلابی پروگرام کے ساتھ جدوجہد کی دعوت دی اور اس انقلابی فریضے کی ناگزیریت پر زور دیا۔ آخر میں بالشویک انقلاب کی 103 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جس کے دوران ہال انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب، سرخ ہے سرخ ہے ایشیا سرخ ہے، جب تک جنتا تنگ رہے گی جنگ رہے گی جنگ رہے گی اور جب لال لال لہرائے گا تب سامراج پر لرزہ چھائے گا کے نعروں سے گونج اٹھا۔