حیدر آباد (محمد حسین آریسر) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور انقلابی طلبہ محاذ نے مشترکہ طور پر مورخہ 7 جون 2020ء کو ٹنڈو الہیار میں ”کورونا وائرس اور سرمایہ داری کا بحران“ کے عنوان سے ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس میں طلبہ اور محنت کشوں نے بھرپور شرکت کی۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض محمد حسین آریسر نے سرانجام دیئے جبکہ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما کامریڈ راہول نے کورونا وبا کی وجہ سے پوری دنیامیں پیدا ہوئی بحرانی کیفیت کا تفصیل سے جائزہ لیا اور آنے والے ممکنہ حالات کی پیش بینی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وبا نے سرمایہ دارانہ نظام کے نامیاتی بحران کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پوری دنیا اس بحران سے بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ بدترین معاشی بحران کا آغاز ہو چکا ہے جس سے بیروزگاری اور غربت میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔ اس وبا کے دوران ہی دنیا کے کئی ممالک میں مختلف انداز میں احتجاجوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم انقلابی نظریات ہر ممکنہ پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں تک لے کر جائیں تاکہ سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ایک غیر طبقاتی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ تفصیلی لیکچر کے بعد سوالات کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ کامریڈ ممتاز آریسر، کریم لغاری، نتھو مل اور عمران کنبھار نے بحث میں حصہ لیا۔ جس کے بعد سوالات کی روشنی میں کامریڈ راہول نے بحث کو سمیٹا۔