دادو (ضیا) مورخہ 7 نومبر کو دادو میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، بیروزگار نوجوان تحریک اور طبقاتی جدوجہد کی جانب سے بالشویک انقلاب کی سالگرہ منائی گئی۔ اس حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جو ’بالشویک انقلاب کی تاریخ اور آج کا عہد‘ کے موضوع پر تھی۔ موضوع پر اعجاز بگھیو نے تفصیل سے بات رکھتے ہوئے بحث کا آغاز کیا اور بتایا کہ سرمایہ دارانہ میڈیا بالشویک انقلاب کی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر مزدوروں کے انقلاب کی تاریخ اس نسل کو معلوم ہو گئی تو پھر وہ ایک سوشلسٹ انقلاب پر منتج ہو گی۔

انہوں نے مزید  بتایا کہ ہم اس عہد میں بھی بالشویک انقلاب کی تاریخ سے سبق سیکھ سکتے ہیں اور موجودہ سرمایہ دارانہ دنیا میں طبقاتی لڑائی لڑ کر جیت سکتے ہیں۔ اس موقع پر عمران اور کامران اختر نے بھی بحث میں حصہ لیا اور حنیف مصرانی نے بحث کو سمیٹا۔ صدارت کے فرائض کامریڈ سجاد جمالی نے سرانجام دیے اور آخر میں انٹرنیشنل گا کر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور تقریب کا اختتام کیا گیا۔