بھان سیدآباد (شاہ محمد پنہور) مورخہ 12 فروری کو بھان سید آباد میں کامریڈ لال خان کی تین جلدوں پر مبنی منتخب تصانیف کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی جس کی صدارت انٹرنیشنل سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کامریڈ عمران کامیانہ نے کی۔

مہمان خاص آر ایس ایف کے مرکزی آرگنائرز کامریڈ اویس قرنی تھے۔ جبکہ اعزازی مہمانان میں انقلابی ہاری جدوجہد کے صوبائی صدر غلام اللہ سیلرو (شہداد کوٹ)، محمد موریل پنہور مرکزی چیئرمین ہائی ویز ایمپلائز یونین سندھ و ضلعی صدر پی ٹی یو ڈی سی دادو، ضمیر کوریجو سابق ڈویژنل چیئرمین واپڈا ہائیڈرو یونین و ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی یو ڈی سی، کامریڈ جام ساقی مرحوم کے انقلابی فرزند سارنگ جام اور پی ٹی یو ڈی سی حیدرآباد کے رہنما راہول پرکاش شامل تھے۔ دیگر مقررین میں اقبال میمن، بهان سيدآباد سے بدرالدین پنہور، شہداد کوٹ سے سکندر سیلرو، سیہون سے سکندر اوٹھو، ٹھری میرواہ سے شرجیل شر اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے صوبائی صدر انور پنہور شامل تھے۔

اس تقریب میں دادو اور قرب و جوار کے شہروں سے دو سو سے زائد محنت کشوں، طلبہ اور سیاسی کارکنان نے شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شاہ محمد پنہور نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر مقررین نے کامریڈ لال خان کی انتھک اور بے باک انقلابی جدوجہد کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، ان کی تحریروں اور تقریروں کو مشعل راہ قرار دیا اور سوشلسٹ انقلاب تک اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔ تقریب کا اختتام محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر کیا گیا۔