بھان سید آباد (بدرالدین پنہور) عظیم انقلابی شہید نذیر عباسی کی بیالیسویں برسی کے موقع پر ان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آر ایس ایف کی جانب سے بھان سید آباد میں انقلابی طلبہ کنونشن منعقد کیا گیا۔ جس میں سندھ یونیورسٹی جامشورو، سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو اور شہید بینظیر بھٹو ویٹرنری یونیورسٹی سکرنڈ سے طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت کے فرائض آ ر ایس ایف کے رہنما سجاد جمالی نے ادا کئے۔ پروگرام میں طلبہ رہنماؤں نے اپنے عظیم انقلابی شہید نذیر عباسی کی انقلابی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقے کی آزادی اور خوشحالی کے لیے کی ہوئی شہید نذیر عباسی کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی، آج کی نوجوان نسل ان کے مشن کو منزل تک ضرور پہنچائے گی اور سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سے محنت کش، ہاری و مزدور، بیروزگار نوجوان اور طلبہ ایک دن ضرور آزادی حاصل کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے پاس اور کوئی راستہ نہیں سوائے یہ کہ وہ اپنے مسائل پر خود ہی اپنی آواز بلند کریں۔ کنونشن میں مطالبہ کیا گیا کہ سندھ حکومت فی الفور طلبہ یونین کے الیکشن کروائے۔ اس کے ساتھ یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ یونیورسٹیوں کی فیسیں بڑھانے کے عمل کو روکا جائے۔ کنونشن میں ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ سیہون کی باڈی کی حلف برداری بھی کی گئی، جس میں پریل چنو نائب صدر، طارق پنہور جنرل سیکرٹری، سہیل عباس پنہور جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر مشاہد حسین پنہور فنانس سیکرٹری، گل حسن شاہانی پریس سیکرٹری اور حسنین جویو سے آر ایس ایف کے رہنما سجاد جمالی نے حلف لیا۔ کنونشن سے سجاد جمالی، ضیا، اقبال میمن، سکندر اوٹھو، بدرالدین پنہور، سجاد شاہانی، شاہ محمد پنہور، گل حسن شاہانی، حسنین جویو، پریل چنہ اور انور پنہور نے خطاب کیا۔