خیر پور میرس (فراز رڈ) مورخہ 27 مارچ بروز اتوار کو مٹھڑی خیر پور میرس میں طبقاتی جد وجہد کی جانب سے ”سرمایہ دارانہ نظام میں ماحول کی بربادی: حل فقط سوشلزم“ کے عنوان پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا آغاز ادیب نے انقلابی گیت گا کر کیا۔ فراز رڈ نے پروگرام کو چیئر کیا۔ احسن جعفری نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کا بگاڑ نسل انسان کے لیے خطرہ ثابت ہو رہا ہے اور روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ جنگلات کا کاٹا جانا، صنعتی آلودگی، کیڑے مار ادویات کا بے دریغ استعمال اور زرعی زمینوں پر تیزی سے تعمیرات نے زندگی کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے۔ سرمایہ دار شرح منافع کو بڑھانے کے لیے قوانین کو خاطر میں نہیں لاتے اور انتہائی خطرناک کیمیائی اجزا کا حامل پانی ندی نالوں اور دریاؤں میں چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ پانی جہاں جہاں پہنچتا ہے وہاں حیات کو نقصان پہنچاتا ہے۔ یہاں ڈیم کی ضرورت کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جبکہ ڈیم کے ماحولیاتی نقصانات بہت زیادہ ہیں۔ ڈیم میں صرف پانی جمع کیا جا سکتا ہے بنایا نہیں جا سکتا جس سے بڑے پیمانے پر ڈاؤن اسٹریم میں کاشتکاری اور ماہیگیری متاثر ہوتی ہے۔ کامریڈ نے بتایا کہ ماحولیات پر کام کرنے والی تمام این جی اوز اور گرین پارٹیاں ناکام ہو چکی ہیں۔ ماحول کی بربادی کا سبب خود سرمایہ داری نظام ہے اور اس کے اندر رہ کرچھوٹی چھوٹی کاوشوں سے ماحول کو بربادی سے نہیں بچایا جا سکتا۔ اس کا حل صرف اور صرف ایک عالمی منصوبہ بند معیشت میں ہی ممکن ہے۔ جہاں پیداوار کا مقصد انسانی ضروریات کی تکمیل ہو جو لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کر کے دھرتی کو انسانوں کے رہنے کے قابل بنا سکے۔ شہباز، امجد، سعید، سرور، ممتاز رڈ، حیدری رحمت علی اور عابد نے بھی بحث میں حصہ لیا۔ شمس اور شیراز جعفری نے اپنی انقلابی شاعری پڑھی۔ روزا اور زید نے انقلابی گیت سنائے۔ سیمینار کا سم اپ سعید خاصخیلی نے کیا۔