حیدر آباد (عمران کمہار) انقلابی طلبہ محاذکی جانب سے ’تعلیمی نظام اور طبقاتی سوال‘ کے موضوع پر ٹنڈو غلام علی میں مورخہ 19 جولائی کو لیکچر پروگرام منعقد کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کریم لغاری نے ادا کیے جبکہ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے عمران کمہار نے موجودہ تعلیمی نظام میں طبقاتی فرق کو واضح کیا اور ملکی تعلیم کے لئے مختص قلیل بجٹ، فرسودہ نصاب اورحکمرانوں کی تعلیم دشمن پالیسیوں کا تنقیدی جائزہ لیا۔ اس کے بعد رتن کمار نے انقلابی نظم پیش کی۔ بحث کو آگے بڑھا تے ہوئے محمد حسین، رضوان رند و دیگر نے اظہارِ خیال کیا۔ آخر میں بحث کو سمیٹتے ہوئے نتھو مل نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کو تب تک درست سمت میں گامزن نہیں کیا جاسکتا جب تک کہ اس طبقاتی نظام کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک غیر طبقاتی معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد کو تیز کریں۔