دادو (ضیا زؤنر) مورخہ 01 اپریل 2022ء کو دادو میں موجودہ عالمی و ملکی صورتحال کے موضوع پر آر ایس ایف کی جانب سے ایک لیکچر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ اور مزدوروں نے بھرپور شرکت کی۔ لیکچر کار اعجاز بگھیو تھے جبکہ چیئر کے فرائض کاشف زؤنر نے سرانجام دیے۔ اعجاز بگھیو نے عالمی و ملکی صورتحال پر تفصیل سے بات رکھی اور کہا کہ عالمی سرمایہ داری سٹیگفلیشن سے گزر رہی ہے اور یہ صورتحال لمبے عرصے تک چل سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بے انتہا بیروزگاری اور مہنگائی جنم لے گی جو کہ پھر بڑی بڑی تحریکوں کو جنم بھی دے سکتی ہے۔ سرمایہ داری آج ایک زوال پذیر نظام بن چکا ہے جس نے معاشی ڈھانچوں اور انسانی تہذیب کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ انسانیت کے پاس اب اور کوئی راستہ نہیں سوائے اس کے کہ اس نظام کو تہس نہس کر کے سوشلسٹ سماج کی تعمیر کرے اور سماج سے بھوک، بیروزگاری، مہنگائی اور عدم مساوات کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دے۔ بحث کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے شاہزیب سومرو نے کہا کہ یہاں جتنے بھی ادارے ہیں بشمول عدالتیں اور میڈیا اس نظام کے رکھوالے ہیں، اس لیے اس نظام کا خاتمہ کیے بغیر یہاں کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ ستار جمالی، فاروق برڑو اور عطا اللہ بروہی نے بھی بحث میں حصہ لیا۔ آخر میں لیکچر کا سم اپ کرتے ہوئے صدام خاصخیلی نے سوالات کے جوابات دیے۔