بھان سید آباد (ضیا الدین زؤنر) مورخہ 22 اگست 2021ء کو ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ بھان سید آباد کی طرف سے سندھ حکومت کے سکولوں کو مزید بند کرنے کے حالیہ اعلان کے خلاف بھان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں شہر کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایف بھان کے آرگنائزر بدر الدین پنہور نے کہا کہ ”گزشتہ لگ بھگ دو سالوں سے تعلیمی ادارے حکومتی نااہلی کی وجہ سے بند پڑے ہیں جبکہ طلبہ اس عرصے میں ٹھیک سے نہیں پڑھ سکے اور مزید تعلیمی ادارے بند رکھنے والے حکومتی فیصلے کو ہم رد کرتے ہیں۔ ایک طرف حکومت تعلیمی ادارے بند کر کے اپنے پیسے خرچ ہونے سے بچا رہی ہے تو دوسری طرف فیسوں میں اضافے بھی کئے جا رہے ہیں۔ اس مہنگائی کے دور میں آن لائن کلاسیں بھی ایک مذاق کے سوا کچھ نہیں۔ اس ملک کا تعلیمی نظام اتنا بوسیدہ ہے کہ اکیسویں صدی میں رہتے ہوئے بھی دیہاتی علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ آن لائن کلاسیں لینے کے لیے شہر کی طرف سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ دوسری طرف حکومتی جلسے جلوسوں پر کوئی پابندی نہیں۔“ مظاہرین سے سجاد شاہانی، طارق پنہور، عادل لانگاہ، گل حسن شاہانی، حسنین جویو، اقبال میمن اور پریل چنا نے بھی خطاب کیا۔