ملتان (پی ٹی یو ڈی سی) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، پیپلز لائرز فورم اور انقلابی طلبہ محاذ کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ بارہال، ضلع کچہری ملتان میں ”آئی ایم ایف کی معاشی پالیسیوں، نجکاری، بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف ٹریڈ یونین، طلبہ، بار ایسوسی ایشن اور کسان تحریک کے فرائض“ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ندیم پاشا ایڈووکیٹ، آرگنائزر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ملتان نے سر انجام دئیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبیب اللہ شاکر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل رہنما پاکستان پیپلزپارٹی، ڈاکٹر خضر حیات چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب، ڈاکٹر زاہد سپرا چیئرمین ایگزیکٹیو کونسل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ملتان، عبدالاحد شاہ کھگہ ایڈووکیٹ رہنما پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب، ذیشان شہزاد رہنما واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین، طارق خان ایڈووکیٹ رہنما پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب، اسلم انصاری صدر پاور لومز یونین ملتان، عمران انصاری ایڈووکیٹ نائب صدر پیپلز پارٹی ملتان شہر، نشید عارف گوندل کوآرڈینیٹر پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب، اقبال شاد ریلوے یونین، مسعود گجر صدر پنجاب ٹیچرز یونین، چوہدری طارق محمود ایڈووکیٹ، خلیل الرحمٰن مسعود ایڈووکیٹ، عاشق حسین بھٹہ جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب، محمد ساجد آرگنائزر انقلابی طلبہ محاذ ملتان، سجاد سپرا ایڈووکیٹ نے کہا کہ بالشویک انقلاب آج بھی محنت کشوں، مزدوروں اور مظلوموں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ حکمران ٹولہ آئی ایم ایف کی مزدور اور عوام دشمن مالیاتی پالیسیوں کو پہلے سے تباہ حال محنت کشوں اور عوام پر شدید جبر اور وحشت سے نافذ کرنے پر اتر آیا ہے۔ واپڈا، ریلوے، سوئی گیس، سول ایوی ایشن، او جی ڈی سی ایل اور پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ اسی طرح ریڈیو پاکستان، پی ٹی ڈی سی اور دیگر اداروں میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ تعلیم کو کاروبار بنا دیا گیا ہے اور تعلیمی فیسوں کے نام پر طلبہ کو لوٹا جا رہا ہے۔ کسان تباہ حالی کا شکار ہو گئے ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی عمرانی حکومت کو قومی عوامی اداروں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائیگا۔ نجکاری اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف منظم اور متحد ہوتے ہوئے درست لائحہِ عمل کے ساتھ بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔

تقریب میں صدر ریلوے پنشنرز لوشن لعل، واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنما چوہدری طارق، انقلابی طلبہ محاذ کے رہنما احسن خان، عاصم خان، رحیم بخش، دادا جنید شاہ، شاہزیب خان، ایڈووکیٹ لیاقت چوہان، خواجہ نور مصطفی، رانا جاوید اختر، سجاد حیدر نقوی، خالد، معید حسین ایڈووکیٹ، ابرار باری اور دیگر ٹریڈ یونین، طلبہ اور بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں انقلابی نعروں کی گونج میں بالشویک انقلاب کی 103ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔