کے این شاہ (سہیل چانڈیو) گزشتہ دنوں کے این شاہ میں طلبہ اتحاد (شاگرد ستھ) کی جانب سے آن لائن کلاسز کے لیے سہولیات دینے اور سالانہ فیسیں معاف کر نے کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شہر کی سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنما اور کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرہ بلوچ پیٹرول پمپ سے لیکر پریس کلب کے این شاہ تک تھا۔ مظاہرے میں اسد نظام چانڈیو، کاشف ملاح، عبدالحق چانڈیو، مقصود عالمانی، بچل چانڈیو، کامران چانڈیو اور سہیل چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن کلاسز لینے کے دوران طلبہ مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ہیں جس میں مہنگے انٹرنیٹ پیکیجز، سگنلز کی عدم دستیابی اور کافی طلبہ کے پاس موبائل اور لیپ ٹاپ کی عدم دستیابی وغیرہ شامل ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:

۱۔ موبائل نیٹ ورکس کے سگنلز کو بہتر بنا کر دور دراز کے علاقوں تک فور جی سہولیات میسر کی جائیں۔
۲۔ طلبہ کے لیے مفت پیکیجز متعارف کیے جائیں۔
۳۔ غریب طلبہ کو موبائل و لیپ ٹاپ دیے جائیں۔
۴۔ آن لائن کلاسز کے نام پر فیس لینا بند کریں۔
۵۔ سالانہ ٹیوشن، ہاسٹل اور دوسری فیسیں معاف کی جائیں۔
۶۔ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے۔