راولپنڈی (ذیشان ممتاز) مورخہ 21 جولائی کو راولپنڈی میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ’جدید ریاست کی اشکال اور کردار‘ کے موضوع پر آصف رشید نے بحث کا آغاز کیا۔ انہوں نے بورژوا ریاست کی تشکیل، اس کے کردار اور سماجی ارتقا کے مختلف مراحل اور اس کی مختلف اشکال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ بورژوا اور پرولتاری بوناپارٹ ازم پر بھی سیر حاصل بحث کی گئی۔ مزدور ریاست کی مختلف اشکال اور مستقبل کی مزدور ریاست کے خدوحال پر بھی بات ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ عہد میں ریاست کے کردار پر بالخصوص بائیں بازو کی تحریک میں اور بالعموم مزدور طبقے میں پائے جانے والے نظریاتی ابہام پر بھی بات ہوئی اور ریاست کے بارے میں مارکسی پوزیشن کو واضح کیا گیا۔ لیڈ آف کے بعد شرکا نے سوالات کیے اور چنگیز، خالد خان، عامر رضااورظفر اللہ نے بحث میں حصہ لیا۔ نظامت کے فرائض ریحانہ اختر نے ادا کیے۔ کامریڈ آصف رشید نے سوالات کی روشنی میں سکول کا سم اپ کیا۔ سکول کے اختتام پر مزدوروں کا عالمی ترانہ گایا گیا۔