چکوال (بھون)

چکوال (پی ٹی یو ڈی سی شمالی پنجاب) مورخہ 20 فروری 2022ء کو عظیم مارکسی دانشور اور انقلابی رہنما ڈاکٹر لال خان کی دوسری برسی کے موقع پر ان کے آبائی گاؤں بھون (چکوال) میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ (RSF) کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں شمالی پنجاب اور چکوال سے انقلابی نوجوانوں اور مزدوروں نے شرکت کی۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض چنگیز ملک نے ادا کئے جبکہ مقررین میں عمر رشید، مجیب خان، رضوان براہمن، صدف زہرہ، فرزانہ باری، ظفر اللہ اور عمران کامیانہ شا مل تھے۔ مقررین نے کہا کہ کامریڈ لال خان کی زندگی، انقلابی سیاست اور نظریاتی جدوجہد ہی آج کے بحران زدہ سرمایہ دارانہ نظام میں پاکستان کے محنت کش طبقے کو نجات کی راہ دکھا سکتی ہے۔

پروگرام میں شامل شرکا نے ڈاکٹر لال خان کی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور لال خان کی نظریاتی اور سیاسی میراث کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔ پروگرام کے بعد قبرستان تک ریلی نکالی گئی اور قبر پر سرخ پرچم لہرایا گیا۔ محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر ڈاکٹر لال خان کی سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا گیا۔

جام پور
جام پور (سقراط) 20 فروری کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ اور طبقاتی جدوجہد کے زیر انتظام مارکسی استاد کامریڈ لال خان کی دوسری برسی منائی گئی۔ برسی کا پروگرام بار روم جام پور میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مقررین نے کامریڈ لال خان کی شخصیت، انقلابی کام اور نظریاتی پہلوؤں پر گفتگو کی اور شعرا نے اپنا کلام سنایا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرور قریشی نے ادا کئے۔ مقررین میں رؤف لنڈ، شہریار ذوق، مجید پتافی، رزاق شاہد، ستار لنڈ، باسط سومرو، عطا اللہ اعوان، آصف گشکوری، عبدالکریم دریشک، ملک عابد ارائیں ایڈوکیٹ، جام رضا گڈن اور آفاق حجانہ شامل تھے۔ جبکہ سقراط لنڈ، اظہر لنڈ، فاروق احمدانی، پروفیسر اشکر فاروقی اور ملک اسحاق علیم نے انقلابی کلام سنایا۔


پروگرام کے آخر میں آئی ایم ایف اور مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔