لاہور (آر ایس ایف/پی ٹی یو ڈی سی) 26 فروری کو ”طبقاتی جدوجہد“ کی جانب سے عظیم انقلابی رہنما ڈاکٹر لال خان کی لازوال جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی دوسری برسی کے موقع پر لاہور پریس کلب میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ان کی اہلیہ صدف تنویر گوندل اور ان کے بیٹے شیر زمان گوندل سمیت ملکی سطح کی بائیں بازو کی شخصیات نے شرکت کی۔ ایشین مارکسسٹ ریویو کے ایڈیٹر اور ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر اویس قرنی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔ تقریب کا آغاز پی ایس سی کے نوجوان ساتھی سکندر مجید کے انقلابی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد پی وائی او کے سابقہ صدر زوہیب بٹ، سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی، برابری پارٹی پاکستان کے چیئرمین جواد احمد، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین پنجاب کے صدر ایڈوکیٹ الیاس خان، سینئر صحافی اور سیفما کے بانی امتیاز عالم، معروف ترقی پسند شاعر فرحت عباس شاہ، لال خان کے دیرینہ دوست ڈاکٹر ہارون اور ڈاکٹر جاوید رانا، معروف صحافی طاہر سرور میر، حقوق خلق مومنٹ کے فاروق طارق، ترقی پسند انقلابی نوجوان ایڈوکیٹ حیدر علی بٹ، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی رہنما عمر رشیداور صدف تنویر گوندل نے اظہار خیال کیا اور لال خان کی انقلابی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

مقررین نے لال خان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مختلف زاویوں سے روشنی ڈالی۔ انقلاب کے ساتھ لال خان کی لگن اور انقلابی سوشلزم کے نظریات کی ترویج میں لال خان کے کردار کو خراج پیش کیا گیا اور ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے غیر طبقاتی سماج کے قیام کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ لال خان کی منتخب تحریروں پر مشتمل ”طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز“ کی جانب سے شائع کی جانے والی کتاب کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ جس کی اشاعت آئندہ ماہ کے وسط میں متوقع ہے۔

اس کے ساتھ ہی پروگرام کے توسط سے علی وزیر کی رہائی کے حق میں قرار داد پیش کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے ترقی پسند طلبہ کے طلبہ یونین بحالی دھرنے سے اظہاریکجہتی کی گئی اور ملک بھر میں طلبہ یونین بحالی کے حق میں قرار داد پیش کی گئی۔

انجمن ترقی پسند مصنفین کے رہنما ڈاکٹر طاہر شبیر نے اپنی نظم بعنوان ”لال خان کے نام“ پڑھی اور پروگرام کا باقاعدہ اختتام مزدوروں کے عالمی ترانے انٹرنیشنل سے کیا گیا۔