ٹنڈو غلام علی (کپل دیو) مورخہ 3 دسمبر 2021ء کو کامریڈ نتھو مل کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے ٹنڈو غلام علی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کامریڈ کے انقلابی ساتھیوں سمیت نجی دوستوں اور فیملی ممبرز نے بھر پور شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز رتن نے تمام شرکا کو خوش آمدید کرتے ہوئے فیض کی انقلابی نظم سے کیا جو کامریڈ نتھو مل اکثر انقلابی تقاریب میں سنایا کرتے تھے۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عمران کمبھر اور استاد کرمن نے ادا کئے جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ نتھو کے بھائی ڈاکٹر بھارو مل، کامریڈ نتھو کے فرزند اور آر ایس ایف حیدر آباد کے نائب صدر وکرم کمار، ڈاکٹر رانو راٹھوڑ، جیھٹارام، نارائن داس، ڈاکٹر ویرسی، پی ٹی یو ڈی سی کے کریم لغاری، آر ایس ایف کے فیاض چانڈیو، سعید خاصخیلی، سکندر زئنور، مقبول لغاری، صحافی اسحاق منگریو، اشوک شرما، کامریڈ جام ساقی کے فرزند سارنگ جام، ڈاکٹر ونود کمار، راہول اور پی ٹی یو ڈی سی سندھ کے صوبائی صدر انور پنہور نے کہا کہ کامریڈ نتھو مل اپنے بچپن سے ہی اصول پرست، محنت کش اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے شخص تھے۔ وہ ایک سادہ مزاج، ملنسار، شفیق اور عاجز انسان تھے۔ مقررین نے کامریڈ نتھو مل کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نتھو مل اپنی شخصیت میں ہی اتنے مالا مال تھے کہ ان سے ملتے ہی ہمیں جبر کے خلاف لڑنے کا حوصلہ ملتا تھا۔ ایسے سماج میں جہاں انسان کو چوک چوراہوں پر جلایا جا رہا ہے، نتھو مل آنے والے کل کی للکار تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی سوشلزم کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے وقف کی اور اُن کے آدرش نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔ دوران ِ پروگرام عباس جسکانی، واجد زؤنر اور کرمن سندھی سمیت کرانتی، کبیر اور مہک نے انقلابی ترانے پیش کئے۔ آخر میں انقلابی نعروں سے برسی کا اختتام کیا گیا۔