ٹنڈو غلام علی (رتن کمار/ہیرو) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، ریولوشنری سٹوڈنٹس فرنٹ اور طبقاتی جدوجہد کی جانب سے مارکسی رہنما کامریڈ نتھو مل کی یاد میں مورخہ 24 جنوری کو ان کے آبائی شہر ’ٹنڈو غلام علی‘ میں اُن کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں گرد و نواح کے مختلف شہروں سے محنت کشوں اور نوجوانوں سمیت کامریڈ نتھو مل کے پرانے ساتھیوں نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز کامریڈ نتھو مل کی زندگی پر بنائی گئی ایک ڈاکومینٹری سے کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عمران کمہار نے انجام دیئے جبکہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول، سارنگ جام، ڈاکٹر ونود کمار، جے پرکاش، مقبول لغاری، رانو راٹھور، سعید واہوچو، سکندر زئنور، کریم لغاری، ایوب کمہار، اعجاز شاہ، کرشن و دیگر نے کہا کہ کامریڈ نتھو نے ہمیشہ محنت کش طبقے کے لیے جدوجہد کی، آخری دم تک اسی مقصد کے لیے لڑتے رہے اور مارکسزم کے آدرشوں پر اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ اُن جیسے انقلابی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ کامریڈ نتھو لا محدود صلاحیتوں کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی بہادر اور ایک اعلیٰ ظرف انسان تھے۔ وہ ایک باصلاحیت کامریڈ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہادر اور نڈر انقلابی بھی تھے۔ اُن کی جدوجہد کو حقیقی خراج سوشلسٹ سماج قائم کر کے ہی ادا کی جا سکتی ہے۔ دوران پروگرام انقلابی گلوکار بلاول قمبرانی، واجد زئنور، شام لال و دیگر نے اپنی نظموں کے ذریعے کامریڈ نتھو کو خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں انٹرنیشنل گا کر پروگرام کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔