کشمیر (بدر رفیق) شہید کشمیر مقبول احمد بٹ کی 39 ویں برسی اور شہدائے چکوٹھی کی 33 ویں برسی کے سلسلہ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ریاست جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں احتجاجی ریلیاں، جلسے، سیمینارز، سٹڈی سرکلز، تقریبات و کنونشنز کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں 11 فروری کو ریاست جموں کشمیر کے ضلعی صدر مقامات، مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ، ہجیرہ اور پلندری سمیت دیگر شہروں میں سات مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اس کے علاوہ بیرون ریاست راولپنڈی برانچ، یونان برانچ، سعودی عرب برانچ اور ابو ظہبی برانچ کے زیر اہتمام سیمینارز اور مجالس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جبکہ 13 فروری کو برطانوی برانچ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید، ڈاکٹر لال خان اور این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر امجد شاہسوار کے نام سے منسوب ”شہدائے چکوٹھی کنونشن“ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ 18 فروری کو راولپنڈی برانچ کا کنونشن بعنوان ”مقبول بٹ شہید کنونشن“ بھی منعقد کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہید کشمیر مقبول احمد بٹ اور شہدائے چکوٹھی کی یاد میں منعقد کی جانے والی تمام تر سرگرمیوں میں شہدا کی جدوجہد کو خراج پیش کیا گیا۔ تمام سرگرمیوں میں شہدا کی جدوجہد کو جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالہ سے از سر نو عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اندرون و بیرون ریاست منعقد کی جانے والی تمام تر سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ درج ذیل ہے:

مظفر آباد

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام 11 فروری کو مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں دارالحکومت مظفر آباد میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر، سابق مرکزی صدور راشد شیخ اور بشارت علی خان اور نائب صدر راجہ نصیر نے کی۔ یہ احتجاجی ریلی مہنگائی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی، پاکستان میں کشمیری طلبہ تنظیموں پر عائد پابندی، سامراجی غلامی اور سرمایہ دارانہ استحصال کے خلاف منعقد کی گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکا نے ’علی وزیر کو رہا کرو، کشمیری تنظیموں پر پابندی نامنظور، راولپنڈی میں گرفتار کشمیری کارکنان کو رہا کرو، آئی ایم ایف پالیسیاں نا منظور، مہنگائی نا منظور اور طلبہ یونین بحال کرو، سمیت دیگر نعروں و مطالبات پر مشتمل کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔ بینک روڈ کے تانگہ سٹینڈ سے شروع ہو نے والی اس احتجاجی ریلی کے شرکا گیلانی چوک سے ہوتے ہوئے سنٹرل پریس کلب مظفر آباد پہنچنے تک تمام تر مطالبات کے گرد پرجوش نعرہ بازی کرتے رہے۔ سنٹرل پریس کلب مظفر آباد پہنچ کر شدید نعرے بازی کے بعد ریلی کا باضابطہ اختتام کر دیا گیا۔

احتجاجی ریلی کے اختتام پر سنٹرل پریس کلب کے ہال میں ”مسئلہ کشمیر اور انقلابی حل“ کے عنوان سے ضلع مظفر آباد کا ”مقبول بٹ شہید کنونشن“ انعقاد پذیر ہوا۔ اس موقع پر ”مسئلہ کشمیر اور انقلابی حل“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر اور نو منتخب ضلعی چیئرمین اذان علی کے علاوہ سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، سنٹرل پریس کلب یونین کے سیکرٹری نشر و اشاعت نسیم مغل، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، پی ایس ایف جامعہ کشمیرکے چیئرمین ارباز مصطفی، مرکزی نائب صدر این ایس ایف راجہ نصیر، نو منتخب ضلعی جنرل سیکرٹری مفید عباسی، این ایس ایف کے سابق سیکرٹری جنرل خواجہ جمیل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پراین ایس ایف مظفر آباد کی ضلعی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ نو منتخب کابینہ میں اذان علی نے بحیثیت چیئرمین، بلال راٹھور سینئر وائس چیئرمین، عابد اعوان وائس چیئرمین، مفید عباسی جنرل سیکرٹری، افتخار مغل ڈپٹی جنرل سیکرٹری، نیئر جوائنٹ سیکرٹری، مہتاب راٹھور آرگنائزر، حسنین شاہ ڈپٹی آرگنائزر، دانش چیئرمین سٹڈی سرکل اور عقیل کاٹیل نے سیکرٹری نشر و اشاعت کے طور پر حلف لیا۔ ضلع مظفر آباد کی نو منتخب کابینہ سے این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر نے حلف لیا۔

راولاکوٹ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام 11 فروری کو شہید کشمیر مقبول احمد بٹ اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں دن 1 بجے کالج گراؤنڈ راولاکوٹ سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا۔ اس احتجاجی ریلی کی قیادت این ایس ایف کے میگزین ’عزم‘ کے ایڈیٹر بدر رفیق، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری انعم اختر، چیئرمین مالیاتی بورڈ دانش یعقوب، ممبر سی سی نقاش امین و دیگر نے کی۔ طویل احتجاجی ریلی کا آغاز کالج گراؤنڈ سے کیا گیا جو بائی پاس سڑک سے ہوتی ہوئی ڈسٹرکٹ کمپلیکس چوک میں احتجاجی جلسہ کی شکل میں اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں ڈسٹرکٹ کمپلیکس چوک کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کرتے ہوئے احتجاجی جلسہ کا باضابطہ انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی جلسہ میں نظامت کے فرائض ایڈیٹر ’عزم‘ بدر رفیق نے ادا کئے جبکہ این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر ابرار لطیف نے خصوصی شرکت کی۔ ایڈیٹر عزم بدر رفیق نے پانچ مطالبات پر مشتمل قرارداد احتجاجی شرکا کے سامنے پیش کرتے ہوئے ووٹنگ کروائی۔ ان مطالبات میں ”پاکستان کے اندر کشمیری طلبہ تنظیموں پر عائد پابندی کے خاتمے، علی وزیر سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں سو فیصد تک کمی کے اقدامات، راولپنڈی میں ایس ایل ایف کے گرفتار کارکنان کی فوری رہائی اور آئی ایم ایف کی سامراجی پالیسیوں کے خلاف احتجاج شامل تھا“۔ قراداد کی منظوری کے بعد احتجاجی جلسہ سے این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر ابرار لطیف نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ ابرار لطیف کے علاوہ جلسہ سے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری این ایس ایف انعم اختر، پی آر ایف کے سیکرٹری مالیات تنویر انور، ممبر سی سی این ایس ایف نقاش امین، پی آر ایف کے رہنما اسد انور اور شاہد اکبر، این ایس ایف کالج یونٹ کے چیئرمین دانش فدا، این ایس ایف جامعہ پونچھ کے چیئرمین سٹڈی سرکل امن حبیب و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

باغ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن باغ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں 11 فروری کو دن 12 بجے کالج چوک باغ سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت این ایس ایف کے مرکزی سینئر نائب صدر عدنان خان، ممبر سی سی راشد باغی، ضلع باغ کے جنرل سیکرٹری احسان ذاکر، ضلعی آرگنائزر فائزہ خان و دیگر نے کی۔ ریلی خان چوک سے ہوتی ہوئی زمان چوک میں پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی جلسہ میں نظامت کے فرائض چیئرمین سٹڈی سرکل ضلع باغ دانش خلیل نے ادا کئے جبکہ سینئر نائب صدر عدنان خان نے احتجاجی جلسہ کے شرکا سے خصوصی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ممبر سی سی راشد باغی، ضلعی جنرل سیکرٹری احسان ذاکر، ضلعی آرگنائزر فائزہ خان، چیئرمین ڈگری کالج طاہر ریشم، جنرل سیکرٹری حسن چغتائی، آرگنائزر سعود، چیئرمین سٹڈی سرکل کاشف پرویز، کاشف حسین، احسن ممتاز اور نادرنے بھی خطاب کیا۔

ہجیرہ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ہجیرہ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں 11 فروری کو دن 12 بجے کالج گراؤنڈ ہجیرہ سے ایک احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعد الحسن، ڈپٹی چیف آرگنائزر ارسلان شانی سمیت دیگر نے کی۔ جبکہ سینکڑوں طلبہ و نوجوانوں سمیت دیگر رہنماؤں نے اس ریلی میں شرکت کی۔ کالج چوک میں پہنچ کر یہ ریلی احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ جس میں نظامت کے فرائض این ایس ایف سیراڑی یونٹ کی چیئرپرسن انیقہ طالب نے ادا کئے جبکہ احتجاجی جلسہ کے شرکا سے مرکزی چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعد الحسن خان نے خصوصی خطاب کیا۔ احتجاجی شرکا سے چیئرمین سٹڈی سرکل کے علاوہ ڈپٹی آرگنائزر ارسلان شانی، سابق چیئرمین ڈگری کالج سیف اللہ، سینئر رہنما صائمہ بتول، چیئرمین کالج یونٹ ذیشان، جنرل سیکرٹری کبریٰ خان، آرگنائزر مون، چیئرمین محمڈن کالج مونی، سینئر وائس چیئرمین سعد احمد سعدی، چیئرمین سٹڈی سرکل حارث فیضی، آرگنائزر سیراڑی یونٹ رومان خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

پلندری

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے چیف آرگنائزر کی قیادت میں 11 فروری کو ضلع سدھنوتی کے صدر مقام پلندری میں تین مختلف سرگرمیاں منعقد کرواتے ہوئے شہدا کی جدوجہد کو خراج پیش کیا گیا۔ مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں پہلی سرگرمی دن 12 بجے اسپورٹس سٹیڈیم پلندری میں منعقد کی گئی۔ ”شہید کشمیر و شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد“ کے عنوان سے منعقدہ اس سٹڈی سرکل میں ہمالیہ ماڈل سکول اور ماڈل ٹاؤن پلندری کے طلبہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے شہدا کی جدوجہد کو بھرپور خراج پیش کیا۔ جبکہ این ایس ایف کے چیف آرگنائزر سعد خالق نے بھی اس سٹڈی سرکل میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے طلبہ سے خطاب کیا۔

دوسری سرگرمی 11 فروری کو ہی دن 1 بجے محمڈن کالج پلندری کے طلبہ کی طرف سے مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد کروائی گئی۔ اسپورٹس کمپلیکس پلندری کے اندر ہونے والے اس سٹڈی سرکل کو ”شہید کشمیر و شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد“ کے عنوان سے منعقد کروایا گیا۔ اس اسٹڈی سرکل میں این ایس ایف کے چیف آرگنائزر سعد خالق اور پلندری کے ضلعی آرگنائزر عثمان نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے محمڈن کالج پلندری کے طلبہ سے خطاب کیا۔

سدھنوتی کے ضلعی صدر مقام میں منعقد ہونے والی تیسری سرگرمی بھی 11 فروری دن 2 بجے ماڈل ٹاؤن پلندری میں موجود والی بال کے میدان میں منعقد کی گئی۔ والی بال گراؤنڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کی طرف سے شہدا کو خراج پیش کرنے کے لئے ”شہید کشمیر و شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار سے چیف آرگنائزر سعد خالق اور ضلعی آرگنائزر عثمان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

راولپنڈی

جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی برانچ کے زیر اہتمام 11 فروری مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں این ایس ایف کے راولپنڈی برانچ آفس سکستھ روڈ پر ”نوجوان و انقلاب“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں این ایس ایف کے سابق ممبر سنٹرل کمیٹی ڈاکٹر حسیب احسن، جامعہ پونچھ کے سابق چیئرمین مجیب خان، چیئرمین جامعہ پونچھ عادل خان، آرگنائزر عبد الوہاب، آرگنائزر راولپنڈی برانچ اسرار ملک اور ماجد خان سمیت پی ٹی یو ڈی سی کے رہنماؤں چنگیز ملک، اسحاق میر، فوزیہ، آر ایس ایف راولپنڈی اسلام آباد کے صدر معیز اختر، راجیش کمارو دیگر نے بھی شرکت کی۔

برطانیہ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام 13 فروری کو انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں ”تقسیم بر صغیر اور مسئلہ جموں کشمیر کا حل“ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر این ایس ایف برطانیہ برانچ کے ”شہدائے چکوٹھی کنونشن“ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ برطانیہ برانچ کے کنونشن کو مقبول بٹ شہید، پاکستان و بر صغیر کے معروف انقلابی دانشور ڈاکٹر لال خان اور این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر امجد شاہسوار کے نام سے منسوب کیا گیا۔

اس دوران ”شہدائے چکوٹھی کنونشن“ کے سلسلہ میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن برطانیہ برانچ کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کا انعقاد بھی کیا گیا۔ برانچ کے نو منتخب عہدیداران میں آصف سید بحیثیت چیئرمین، شفقت رحیم داد سینئر وائس چیئرمین، حسام خالق جنرل سیکرٹری، کاشان ممتاز ڈپٹی جنرل سیکرٹری، ولید جمشید آرگنائزر، عثمان خان فنانس سیکرٹری اور غزانش ریاض نے میڈیا سیکرٹری کے طور پر حلف لیا۔ این ایس ایف برطانیہ برانچ کے نو منتخب عہدیداران سے سابق چیئرمین برطانیہ برانچ عرفان یعقوب نے حلف لیا۔

”تقسیم بر صغیر اور مسئلہ جموں کشمیر کا حل“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں نظامت کے فرائض برانچ کے نو منتخب سینئر وائس چیئرمین شفقت رحیم داد نے ادا کئے۔ اس تقریب کی صدارت نو منتخب چیئرمین آصف سید نے کی جبکہ تقریب میں شوکت مقبول بٹ (فرزند مقبول بٹ شہید)، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے صدر مہتاب احمد اور نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے چیئرمین خواجہ حسن نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے شوکت مقبول بٹ، مہتاب احمد اور خواجہ حسن کے علاوہ نو منتخب چیئرمین آصف سید، سابق چیئرمین عرفان یعقوب، نسیم اقبال ایڈووکیٹ، ایس ایم ابراہیم ایڈووکیٹ، حسام خالق، کاشان ممتاز، توصیف نیاز اور شبیر احمد ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن اور تقریب کے اختتام پر جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر خلیل بابر کی طرف سے برطانیہ برانچ کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر جاری کردہ مبارکباد کا وائس میسیج شرکا کے گوش گزار کیا گیا۔

نو منتخب چیئرمین آصف سید کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں این ایس ایف کے باضابطہ قیام کا مقصد یہاں موجود طلبہ کے مسائل کو اجاگر کرنا، برطانیہ میں موجود سرمایہ دارانہ استحصال کے خلاف محنت کش عوام سے جڑت بنانا اور این ایس ایف کے سائنسی سوشلزم کے نظریات کو دنیا بھر میں پھیلانے سمیت نوجوانوں و طلبہ کی سیاسی و انقلابی تربیت کرنا ہے۔

یونان

مقبول بٹ شہید کی 39 ویں برسی کے موقع پر 11 فروری کو یونان کے شہر ایتھنز میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور مہاجرین کی طرف سے قائم کردہ ایک سرمایہ دارانہ مخالف فورم کی طرف سے مشترکہ طور پر ”مقبول بٹ شہید کی جدوجہد اور مسئلہ کشمیر“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار سے این ایس ایف یونان برانچ کے آرگنائزر عاکف سید، مرکزی چیئرمین شعبہ نشر و اشاعت فیضان علی سرور، این ایس ایف مالٹا کے آرگنائزر ظہور عالم سمیت این ایس ایف اور مہاجرین فورم کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

سعودی عرب

11 فروری کو مقبول بٹ شہید و شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سعودی عرب برانچ کے زیر اہتمام ”شہدا کی جدوجہد“ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت این ایس ایف کے مرکزی چیئرمین شعبہ نشر و اشاعت فیضان علی سرور نے کی۔ جبکہ جے کے پی این پی کے رہنما امتیاز فہیم، نیپ کے رہنما عادل خان، پی آر ایف کے رہنما کاشف عباس سمیت این ایس ایف کے رہنماؤں کاشف رشید، عدنان خالق، راحیل رشید، عامر صغیر، احسن آزاد، نعمان ممتاز، عمران خان، فیضان سلیم، احسن خان و دیگر نے شرکت کی۔

ابو ظہبی

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام 11 فروری کو ابو ظہبی میں ”مقبول بٹ اور آج کی جدوجہد“ کے عنوان سے مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے شرکا سے این ایس ایف سنٹرل کمیٹی کے سابق ممبر ذوالفقار شبیر، سابق چیئرمین راولپنڈی برانچ ماجد نسیم، زاہر خالق اور فہد زاہد نے خطاب کیا۔