جوہی (خادم کھوسو) مورخہ 31 مئی کو بیروزگار نوجوان تحریک جوہی کی جانب سے پاکستان کی سیاسی، سماجی و معاشی صورتحال پر ایک نشست منعقد کی گئی جس پر لیڈ آف کامریڈ حنیف مصرانی نے دی۔ کامریڈ حنیف نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اس وائرس نے اس سرمایہ دارانہ نظام کی اصلیت دنیا کے سامنے بے نقاب کر دی ہے کہ کس طرح دنیا کے جدید ترین ممالک کے ہیلتھ سسٹم بھی اس وائرس کو شکست دینے میں بے بس ہیں۔ دہائیوں سے یہ حکمران ہیلتھ بجٹ میں کٹوتیوں پہ کٹوتیاں کرتے جا رہے تھے جس کا خمیازہ اب عوام بھگت رہے ہیں۔ بحث میں حصہ لینے والے دیگر افراد میں امام الدین پنہور، اکبر ببر، شارخلیل عارف سومرو، شبیر رستمانی، انور سیال، الھورایو سومرو، استاد یامین تھہیم، سجاد لغاری، عبداللہ کھوسو، میرمرتضیٰ تھہیم اور خادم کھوسوشامل تھے۔جبکہ بحث کو اعجاز بگھیو نے سمیٹتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داری نظام اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے اور اس عہد میں دنیا کو مزید مشکلات اور مسائل میں ہی الجھا رہا ہے۔ اسے سوشلسٹ نظام سے بدلے بغیر انسانیت کے پاس آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ نظامت کے فرائض امین لغاری نے سرانجام دیے۔