راولپنڈی (راجہ عمران) مؤرخہ 9 فروری بروز جمعرات صبح سات بجے ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام مطالبات کی منظوری کے لئے ایک احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی جلسے میں واشنگ لائن اور لوکو شیڈ کے سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کامریڈ چنگیز نے بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریل مزدور اتحاد کے مرکزی قائد خان سرفراز خان نے کہا کہ ہم نے اپنے جائز مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں۔ اگر ان مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو احتجاجی مظاہروں کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج اور پہیہ جام کی طرف جا سکتے ہیں۔ دیگر مقررین میں کامریڈ راجہ عمران مرکزی چیف آرگنائزر، راجہ نزاکت ڈویژنل جنرل سیکرٹری، راجہ خالد سینئر وائس پریذیڈنٹ، احمد حسن بٹ صدر واشنگ لائن، سعید مرشد سرپرست اعلیٰ راولپنڈی، راجہ اعظم ڈویژنل صدر، ملک ساجد اعوان چیئرمین، جمیل خان صدر راولپنڈی، محمد اسلام ڈویژنل سیکرٹری مالیات، طارق نیازی صدر لوکو شیڈ زون اور محمد صدیق سرپرست اعلیٰ ریل مزدور اتحاد نے مطالبات کے حق میں خطاب کیا۔
مطالبات:
۱۔ سکیل میں اناملی ختم کی جائے۔
۲۔ 15 فیصد ٹیکنیکل الاؤنس 25 فیصد کیا جائے اور بنیادی تنخواہ میں شامل کیا جائے۔
۳۔ وزیر اعظم پیکج کے تحت TLA ملازمین کو کنفرم کیا جائے۔
۴۔ گزیٹڈ چھٹی لوکو شیڈ کی طرح تمام اوپن لائن والے ملازمین کی بھی ڈبل کی جائے۔
۵۔ واشنگ لائن CCS اور CC کی پروموشن فی الفور کی جائے۔