مظفرآباد (راشد شیخ) مورخہ 24 مئی 2019ء کوجموں کشمیر این ایس ایف کے زیر انتظام چہلہ الحرم ہو ٹل کے گراؤنڈمیں جامعہ کشمیرکی طرف سے افطار پارٹی کے موقع پر” عزمِ سوشلسٹ انقلاب کنونشن” کا انعقاد کیا گیا۔ قبل از کنونشن سنٹرل لائبریری سے چہلہ چوک تک ” تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں اورآئی ایم ایف کی معاشی دہشتگردی” کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی نکالی گی۔دوران ریلی کارکنان کے نعروں ، آئی ایم ایف نا منظور،تعلیمی بجٹ میں کٹوتی نامنظوراورسوشلسٹ انقلاب زندہ باد سے پوری یونیورسٹی گونج اٹھی۔ ریلی کے کنونشن پنڈال میں پہنچنے پر پروگرام کا باقاعدہ آغازکیا گیا۔کنونشن کے مہمان خصوصی این ایس ایف کے مرکزی صدر ابرار لطیف تھے جبکہ صدارت نو منتخب جامعہ کشمیر کے چیئر مین حماد منیر سلہریا نے کی۔ شدید بارش کے باوجود کارکنان اور طلبہ کی سو سے زائد تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوے مرکزی صدر ابرار لطیف، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، مرکزی نائب صدر مروت راٹھور، نومنتخب چیئرمین جامعہ کشمیر حماد منیر،نومنتخب آرگنائزر وقاص ملک، نومنتخب سینئر نائب صدر خرم،سابق مرکزی جنرل سیکرٹری اویس علی، خواجہ جمیل، پی ٹی یو ڈی سی آرگنائزر امجد شعلہ، مرکزی ایڈیٹر عزم التمش تصدق اور سابق مرکزی نائب صدر عصمت للہ عابد نے خطاب کرتے ہوے طلبہ کے مسائل پربات رکھی اور موجودہ حکومت کی طلبہ کش پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی حکومت نے پورا ملک آئی ایم ایف کو گِروی کر دیا ہے اور محنت کشوں اور طلبہ کے پاس سوائے جدوجہد کے کوئی راستہ نہیں ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام میں رہتے ہوئے کوئی ایک مسئلہ حل نہیں ہو سکتا صرف سوشلسٹ انقلاب ہی اس سماج میں انقلابی تبدیلی لا سکتا ہے جو نا صرف اس ملک بلکہ اس کرہ ارض کے انسانوں کا نجات دہندہ ثابت ہو گا۔ اس موقع پر سٹیج سیکر ٹری کے فرائض مرکزی ڈپٹی آرگنائزر باسط ارشاد نے ادا کیے۔

نو منتخب کابینہ جامعہ کشمیر این ایس ایف سے مروت راٹھور، جبکہ چہلہ بانڈی کی نو منتخب کابینہ سے زاہد عارف نے حلف لیا۔