میرپور خاص میں سیمینار

[رپورٹ: کامریڈ پرشوتم]
مورخہ 11 جون کو میرپورخاص میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے’’بین الاقوامی معاشی اور سیاسی صورتحال‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں  سے ٹریڈ یونین رہنماؤں، محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے نیشنل سیکریٹری کامریڈ آدم پال نے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ یورپ اور امریکہ کے محنت کشوں نے ماضی میں جدوجہداور انقلابات کےذریعے جو حاصلات حاصل کی تھیں وہ عالمی معاشی بحران کے بعد مسلسل چھینی جارہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا معیار زندگی دن بہ دن تیزی سے گرتا جارہا ہے۔ اسی لئے پچھلے چند سالوں میں پوری دنیامیں جتنے احتجاج دیکھنے میں آئے اتنے ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملے تھے اور انہی تیز ترین احتجاجوں کی بدولت ہی بائیں بازو کی تحریک میں آج پھر جان آرہی ہے۔   امریکہ  جیسا سامراجی ملک  بھی آج معاشی زوال کی زد میں ہے۔ امریکہ میں بھی محنت کشوں کا معیار زندگی تیزی سے نیچے گر رہا ہے اور جلد محنت کشوں کی ایک بڑی تحریک برپا  ہوسکتی ہے۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کامریڈ آدم نے کہا کہ بجٹ میں ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن اگر پچھلی دو تین دہائیوں کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں بآسانی معلوم ہوجائے گا کہ تنخواہیں بڑھی نہیں بلکہ کم ہوئی ہیں، جس شرح سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے اسے اگر سونے کی قیمت  کے تناسب سے دیکھا جائے تو پہلے ایک تنخواہ سے کوئی مزدور آسانی سے ایک تولہ سونا خرید سکتا تھا لیکن آج پانچ تنخواہوں سے بھی ایک تولہ سونا نہیں خرید سکتا۔ موجودہ حکمران محنت کشوں کے اداروں کو نجکاری کےذریعے فروخت کرنا چاہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ نجکاری محنت کشوں کے معاشی قتل عام کے سوا اور کچھ بھی نہیں۔ اسی لئے تمام اداروں اور صنعتوں کے محنت کشوں کو ایک جگہ جمع ہوکر اس کے خلاف لڑنا ہوگا اور ٹریڈ یونین کی سیاست کو مارکسزم اور سوشلزم کے نظریات سے لیس کرتےہوئے آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ سیاست میں جب نظریات ختم ہوجائیں تو وہ ایک جرم بن جاتی ہے۔ آج ہمیں ایسی ہی نظریاتی سیاست کا پرچم بلند کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے  اس نظام کا خاتمہ کرناہوگا۔ واپڈا ہائیڈرو سینٹرل الیکٹرک  لیبر یونین  میرپورخاص کے چیئرمین اکبر لغاری، سگا کے رہنما تاج بلوچ، اسٹیٹ لائیف انشورنس کے عامر، آفیسرز یونین نیشنل بینک کے رہنما قاسم ناریجو، سوشلسٹ موومنٹ کے حمید چنا اور آیاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کو اپنے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک پلیٹ فارم پر منظم اور متحد ہوکر لڑنا ہوگا اور محنت کشوں کی نظریاتی اور سیاسی تربیت کے لئے اس قسم کے سیمینارمنعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*