مظفرآباد: ’’کشمیر کا قومی سوال اور ہمارا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

رپورٹ: JKNSF جامعہ کشمیرمظفرآباد

10 جون بروز ہفتہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) جامعہ کشمیر یونٹ مظفرآباد کے زیر انتظام افطار پارٹی کے موقع پر سیمینار بعنوان ’’کشمیر کا قومی سوال اور ہمارا کردار‘‘ منعقد کیا گیا۔ سیمینار یونیورسٹی اولڈ کیمپس چہلہ بانڈی مین گیٹ کے سامنے الحرم ہوٹل کے صحن میں منعقد کیا گیا اور شام پانچ بجے کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کی بڑی تعداد جوق در جوق سمینار میں آنا شروع ہوئی۔ سیمینار جامعہ کشمیر این ایس ایف کے صدر فیصل راٹھور کے زیر صدارت منعقد ہوا جبکہ مہمان خصوصی مرکزی صدر جے کے این ایس ایف بشارت علی خان تھے۔ سمینار سے مرکزی صدر این ایس ایف بشارت علی، مرکزی جنرل سیکرٹری خواجہ جمیل، سینئر نائب صدر خلیل بابر، ضلعی صدر مظفرآباد مروت راٹھور، سٹی صدر مظفرآباد خواجہ مجتبیٰ، سابق مرکزی صدر این ایس ایف راشد شیخ، شاہد اکبر، ابرار لطیف، ذیشان شانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پوری دنیا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کشمیر کے قومی سوال پر سیر حاصل بحث کی اور انڈین مقبوضہ کشمیر میں جاری انڈین ریاستی جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اور نوجوانوں کی انقلابی تحریک کو سراہتے ہوئے این ایس ایف کے موقف اور کردار کو واضح کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی سمیت تمام مسائل کا حل طبقاتی جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے۔ جامعہ کشمیر کے سیکرٹری جنرل احتشام گردیزی نے قرارداد پیش کی جس میں غیر طبقاتی نظام تعلیم، کشمیر سے غیر ملکی افواج کا انخلا، کشمیر کی تحریک کو آر پار طبقاتی بنیادوں پر منظم کرنا، تعلیم کی ہر سطح پر مفت فراہمی، روزگار کی مکمل ضمانت، بے روزگاری الاؤنس 15000 روپے مقرر کرنا اور طلبہ یونین پر عائد پابندی کا خاتمہ شامل تھا، جس کو تمام حاضرین مجلس نے ووٹ کے ذریعے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جامعہ کشمیر این ایس ایف کے آرگنائزر باسط ارشاد نے سر انجام دیے۔ افطاری کے بعد کشمیر میں جاری ریاستی جبر کے خلاف یونیورسٹی گیٹ سے چہلہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، دوران ریلی طلبہ نے ریاستی جبر اور سرمایہ داری کے خلاف پر جوش نعرہ بازی کی۔ ریلی کا اختتام این ایس ایف کے سابق سیکرٹری جنرل اویس علی نے اپنے خطاب سے کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*