مظفرآباد: تنظیم غیر جریدہ ملازمین اور ایپکا کی کامیاب ہڑتال

| رپورٹ: نواز مغل |

آزاد کشمیر میں گریڈ 1 تا 16 کے محنت کشوں کی تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد کشمیر اور ایپکا آزاد کشمیر کی قیادت میں چلنے والی 14 دن کی ہڑتال بالآخر کامیاب ہو گئی۔ حکومت آزاد کشمیر اور بیوروکریسی کو محنت کشوں کی شاندار جدوجہد کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے اور کلیریکل سٹاف کی اپ گریڈیشن اور گریڈ 5 تا 16 کے محنت کشوں کے ٹائم سکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کرنا پڑا۔
آزاد کشمیر میں گریڈ 1 تا 16 کے محنت کشوں نے 4 مئی 2016ء سے19 مئی 2016ء تک شاندار تالہ بند ہڑتال کی تھی، دوران ہڑتال تمام محکمہ جات کے محنت کش اپنے اپنے قائدین کی قیادت میں ہر روز ریلیوں کی شکل میں حکومت اور بیوروکریسی کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے ہڑتالی کیمپ میں پہنچتے اور وہاں مرکزی قائدین کے خطابات سنتے جو حکومت آزاد کشمیر اور بیوروکریسی کی بے حسی، خود غرضی اور مزدور دشمن پالیسوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے رہے۔
مورخہ 19 مئی 2016ء کو ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر حاجی محمد اسلم، صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاداور صدر ایپکا لاہور ڈیژون محمد اسلم نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے بعد مرکزی صدر تنظیم غیر جریدہ ملازمین آزاد کشمیر عمران خورشید اور صدر ایپکا آزاد کشمیر سید صدیق حسین شاہ کے ہمراہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے ملاقات کی اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ قائدین نے اسی دن ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور 3 جون کو کلیریکل سٹاف کی اپ گریڈیشن اور گریڈ 5 تا 16 کے محنت کشوں کے ٹائم سکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ اس طرح آزاد کشمیر کے محنت کشوں نے 14 دن ہڑتال کر کے ثابت کیا کہ حق لڑ کر حاصل کیا جاتا ہے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے ساتھیوں نے دوران ہڑتال نعرے بازی کے ساتھ ساتھ محنت کشوں سے خطاب بھی کیا اور مزدور نامہ بھی فروخت کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*