کراچی (فیاض چانڈیو) آج مورخہ 17ستمبر 2020ء کو شہید ذوالفقار علی بھٹو لا کالج ملیر کراچی کے طلبہ کی طرف سے انتظامیہ کے خلاف امتحانات میں سستی اور کرونا وبا کے بعد نئی کلاسز کے دوران سہولیات کی عدم دستیابی اور ناقص انتظامات کے خلاف بھر پور احتجاج کیا گیا۔ اس دوران یکجہتی کے لئے انقلابی طلبہ محاذ نے بھی شرکت کی۔ طلبہ سب سے پہلے کالج کے گیٹ پر جمع ہوئے اور ریلی کی صورت میں کالج میں داخل ہوئے۔ انہوں نے انتظامیہ کے خلاف، فیسوں میں اضافوں اور ایچ ای سی کی پالیسی کے خلاف نعرے بازی کی اور ایڈمن آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ طلبہ نے اپنے حق کے لئے تقریریں بھی کیں جن میں عامر منگل، مدثر سرقی اور حاتم خان شامل تھے۔

کالج انتظامیہ کی طرف سے طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک رکھا گیا اور ان کی کوئی سنوائی نہ کی گئی۔ جس کے بعد طلبہ کا ایک وفد دھرنے میں شریک ساتھیوں کے ساتھ مین یونیورسٹی کیمپس لیاری پہنچا اور وہاں کنڑولر ایگزامنر سے ملا اور اپنے مطالبات سامنے رکھے۔ ایگزامنر کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے اور انہوں نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا کوئی بھی تعلیمی سیشن متاثر نہیں ہو گا اور جلد از جلد امتحانات کا شیڈول جاری کیا جائے گا اور تمام تر انتظامات کے ساتھ نئی کلاسز بھی جلد از جلد شروع کرائی جائیں گی۔