راولاکوٹ (حارث قدیر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام علی سوجل میں منعقدہ سوشلسٹ یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کا مسئلہ ہے جو اپنی اصل میں ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ تمام قوموں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے طبقاتی بنیادوں پر جڑت قائم کرکے سرمایہ دارانہ نظام اور ریاستوں کے خلاف جدوجہد ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے نہ صرف کشمیر کی محکوم قومیتوں کو حق آزادی مل سکتا ہے بلکہ معاشی، سیاسی اور سماجی نا انصافیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک طبقات سے پاک معاشرے کی بنیادیں ڈالی جا سکتی ہے۔ اس جدوجہد میں ہر قوم کے بالادست حکمران طبقات اور محنت کش طبقات کے مابین کوئی مصالحت نہیں ہو سکتی۔ بھارت اور پاکستان کی سرمایہ دارانہ ریاستوں کی موجودگی میں نہ صرف دونوں ملکوں میں موجود محکوم قومیتوں کا قومی سوال حل ہو سکتا ہے اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑی محکوم و مظلوم قومیتوں کو حق آزادی مل سکتا ہے۔

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات سے نوجوانوں کو لیس کرتے ہوئے محنت کشوں کے ساتھ ملکی اور عالمی یکجہتی قائم کرتے ہوئے اس نظام کے خلاف جدوجہد میں برسرپیکار ہے۔ اور انقلابی سوشلزم کے نظریات اور پروگرام کی بنیاد پر تیار کردہ قیادت ہی اس خطے کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی تحریک کو درست راستہ اور سمت دے سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ابرار لطیف، سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، سیکرٹری جنرل ایس ایل ایف دانش گلفراز، سابق سیکرٹری جنرل این ایس ایف خلیل بابر، سیکرٹری جنرل این ایس ایف یاسر حنیف، آرگنائزر آر ایس ایف راولپنڈی عمر عبداللہ، مرکزی ایڈیٹر عزم این ایس ایف التمش تصدق، چیئرمین نشر و اشاعت شفقت رحیم داد، سیکرٹری مالیات ارسلان شانی، یاسر گلزار، سبحان عبدالمالک، عثمان خان، سعد خالق، سیف اللہ، ذیشان فاروق، اسد حنیف، زومیر فاروق اور دیگر مقررین نے کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض طاہر اسحاق نے سرانجام دیئے۔

قبل ازیں علی سوجل بازار میں طلبہ حقوق ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش اور نجکاری کی پالیسی کو ختم کرنے، طلبہ حقوق کی بازیابی، طلبہ یونین کی بحالی، یکساں اور جدید سائنسی تعلیم کی مفت فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے گرد نعرے بازی کی گئی۔ ریلی کے اختتام پر علی سوجل بازار میں سوشلسٹ یوتھ کانفرنس کے عنوان سے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ عام میں ’مسئلہ جموں کشمیر، ایک انقلابی حل‘ کے ایجنڈا پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔