راولاکوٹ (بدر رفیق) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور آر ایس ایف کے اشتراک سے راولاکوٹ کے نواحی علاقہ میں ایک پر فضا مقام پر شام 5:00 بجے ”موجودہ عالمی صورتحال اور مستقبل“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے بعد تمام شرکا کے لئے افطار ڈنر اور محفل مشاعرہ و موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ سیمینار سے جے کے این ایس ایف، آر ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض کامریڈ عاصم غزن نے ادا کئے جبکہ موجودہ عالمی صورتحال پرآر ایس ایف کے مرکزی رہنما آصف رشید نے بحث کا آغاز کیا۔ بحث میں ایڈیٹر عزم التمش تصدق، سیکرٹری جنرل جے کے این ایس ایف یاسر حنیف، آر ایس ایف کے رہنما عمر عبداللہ، بدر رفیق اور دیگر نے حصہ لیا، جبکہ آخر میں تمام بحث کو کامریڈ واجد نے سمیٹتے ہوئے سیمینار کا اختتام کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر مصنوعی دشمنی کی آڑ میں کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے، آن لائن کلاسز کے نام پر کھلواڑ بند کرتے ہوئے تمام تعلیمی فیسیں معاف کی جائیں، صحت اور تعلیم کے کاروبار پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہر سطح پرمعیاری، یکساں تعلیم اور صحت کی مفت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عالمی سطح پرناگزیربقا کی لڑائی اور معمولات زندگی کی بحالی کی جدوجہد کے دوران ایک نئی عالمی تحریک کے جنم کے امکانات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ نئی عالمی تحریک کے پاس کامیابی کے لئے محض سوشلسٹ انقلاب ہی واحد ممکنہ راستہ ہے۔