نقاش امین (مرکزی سیکرٹری اطلاعات جے کے این ایس ایف)

راولاکوٹ

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید او ر شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں راولاکوٹ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت سابق سینئر نائب صدر خلیل بابر اور ایڈیٹر عزم التمش تصدق نے کی۔ شرکاریلی شہر کا چکر لگانے کے بعد احاطہ عدالت میں احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئے۔ احتجاجی جلسہ سے سابق سینئر نائب صدرخلیل بابر، ایڈیٹر عزم التمش تصدق، چیئرمین متحدہ محاذ دھمنی زاہد خان، چیئرمین سٹڈی سرکل بورڈعادل بشیر، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب الرحمان، ڈپٹی سیکرٹری مالیات ارسلان شانی، سیکرٹری نشرواشاعت شفقت رحیم داد، چیف آرگنائزرتیمو ر سلیم، سیکرٹری اطلاعات نقاش امین اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے کشمیر سے محکومی، طبقاتی استحصال اور سرمایہ دارانہ نظام کی جبر و وحشت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جے کے این ایس ایف شہدا کی جدوجہد کو ان کے نظریات اور افکار کی روشنی میں جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر آگے بڑھانے میں مصروف ہے اور سمجھتی ہے کہ جموں کشمیر کی آزادی کا راستہ پاکستان اور بھارت کے محنت کشوں اور محکوم و مظلوم عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام اور اسکی حاکمیت کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ایک ایسے معاشرے کا قیام جس میں تمام قومیتوں کے حق آزادی، حق خودارادیت اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک رضاکارانہ فیڈریشن میں پرویا جا سکتا ہے۔

مظفرآباد

جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں دارالحکومت کا سب سے بڑا احتجاجی پروگرام منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر غربت، بیروزگاری، مہنگائی، دہشتگردی، طلبہ یونین پر پابندی، تقسیم کشمیر اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جو مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسے سے این ایس ایف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل باسط ارشاد باغی، مرکزی نائب صدر مروت راٹھور، ضلعی آرگنائزر عادل اعوان، این ایس ایف سٹی صدر خواجہ مجتبیٰ، طاہر، دلاور راٹور، مفید عباسی اور ضلعی چیئرمین فیصل راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے جن مقاصد کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا وہ مشن آج بھی ادھورا ہے، آج کشمیر کا ہر جوان مقبول بٹ کے نظریے کو اپناتے ہوئے کشمیر کی مکمل آزادی اور استحصال سے پاک معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہا ہے۔

کوٹلی

کوٹلی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ابرار لطیف کی قیادت میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز کالج گراؤنڈ سے کیا گیا جبکہ آبشار چوک میں احتجاجی جلسہ منعقد کیاگیا۔ احتجاجی جلسے سے مرکزی صدر ابرار لطیف، ایس ایل ایف کے چیئرمین عابد راجہ، مرکزی رہنما این ایس ایف عاصم، سابق چیف آرگنائزر تنویر انور، یاسر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ کا انعقاد پریس کلب لیاقت باغ میں کیاگیا۔ یہ ریلی مہنگائی، بیروزگاری، طبقاتی نظام تعلیم، محکومی، سرمایہ دارانہ جبر اور استحصال کے خلاف نکالی گئی تھی۔ پریس کلب کے باہر جلسے سے سابق مرکزی صدر راشد شیخ، مرکزی رہنما زبیر لطیف، سابق چیئرمین راولپنڈی برانچ زاہد اقبال ایڈووکیٹ، آرگنائزر آر ایس ایف عمر عبداللہ، آصف رشید اور گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔جبکہ رہنما این ایس ایف معیظ اختر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔

کراچی

مورخہ 14فروری 2020ء کو جے کے این ایس ایف اور ار ایس ایف کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدا چکوٹھی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں جے کے ایس ایل ایف، سندھ سٹوڈنٹس کونسل اور دیگر تنظیموں کے شرکانے حصہ لیا۔ ریلی سے جے کے این ایس ایف سے زاہد عارف اور خالد رفیق،جے کے ایس ایل ایف سے وقاص اعظم،سندھ سٹوڈنٹ کونسل سے علی ثقلین اور آر ایس ایف سے حاتم خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں جہاں نا صرف شہدا کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان شہدا کی جدوجہد، لوگوں کے مسائل، غربت، مہنگائی،دہشتگردی، مذہبی منافرت اور طلبہ یونین پہ عائد پابندی کے خلاف بات رکھی اور ان کی اس جدوجہد کوآگے بڑھانے کا عہدکیا۔

باغ

ضلع باغ کے نواحی بازار ملوٹ میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا۔اس ریلی کی قیادت سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، سینئر نائب صدر راشد باغی، ممبر سی سی عدنان خان اور دیگر نے کی۔ ریلی کے اختتام پر ملوٹ بازار میں ایک مقامی ہال میں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ جلسے سے سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، راشد باغی، کفایت، ایاز، عاصم غزن، عدنان خان، مظہر، شعیب ذوالقرنین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پلندری

ضلع سدھنوتی میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار سے سیکرٹری جنرل این ایس ایف یاسر حنیف، جامعہ پونچھ سٹی کیمپس کے چیئرمین سعد خالق، مرکزی رہنما عثمان خان، مرکزی رہنما جنید خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہداکی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی جدوجہد کو جدید عہد کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانے اور جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملائشیا

ملائشیا میں بھی جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہیدا ور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب سے مرکزی رہنما خلیق ارشاد، افتخار اسلم، رزیق ارشاد، امتیاز یوسف، نثاراحمد، داؤد حسرت، میاں نوید، مائرہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

یونان

یونان میں کشمیر کمیونٹی یونان کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر احتجاجی ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی پروگرام سے عاکف سید اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہ یونان کی ترقی پسند تنظیموں کے نمائندگان نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔