ملتان (ذیشان بٹ)مورخہ 21 جوالائی 2019ء کو شاہ شمس پارک ملتان میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا موضوع ”پاکستان کا بحران: وجوہات، مضمرات اورحل“ تھا۔ جس پر لیڈ آف دیتے ہوئے ساجد نے بتایا کہ سرمایہ داری اپنے آغاز میں ایک ترقی پسندانہ اقدام تھا جس نے جدید مشینری کے ذریعے ضرورت کی اشیاکو پیداوار کی نئی بلندیوں تک پہنچایا اور عالمگیریت کی بنیاد ڈالی۔ لیکن آ ج وہی سرمایہ دارانہ نظام عالمی سطح پر محنت کشوں کی زندگیوں کو جہنم بنائے ہوئے ہے اوردولت چند ہاتھوں میں مرکوز ہو گئی ہے۔ لہٰذہ سوشلزم ہی وہ واحد نظام ہے جو نسل انسانی کو سرمائے کی بیڑیوں سے نجات دلا کر انسان کو انسانیت کی معراج تک لے جا سکتا ہے۔ بحث میں اسلم، طارق چوہدری اور سقراط نے حصہ لیا اور احمد فراز نے انقلابی نظم پڑھ کر سنائی۔ بحث کو سمیٹتے ہوئے ذیشان شہزاد نے 2008 ء کے عالمی معاشی بحران اور اس کے پاکستان جیسے ملکوں پر اثرات کو تفصیل سے بیان کیا۔ آخر میں انٹرنیشنل گا کر سکول کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔