راولاکوٹ میں جموں کشمیر این ایس ایف کا اجلاس

راولاکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر راشد شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور جامعہ کشمیر میں فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کرنیوالے طلبہ کیخلاف تادیبی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور یونیورسٹی طلبہ کی فیسوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لیتے ہوئے احتجاج کرنیوالے طلبہ کیخلاف تادیبی کارروائیاں بندکی جائیں۔ اگر کسی طالب علم کے خلاف تادیبی کارروائی کی کوشش کی گئی تو ہم بھرپور مذمت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، لوڈشیڈنگ ، بیروزگاری اور طلبہ مسائل کے حل کیلئے جے کے این ایس ایف گیارہ فروری کو یوم مقبول بٹ شہید کے موقع پر پورے آزادکشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں سے بیک وقت ایک ملک گیر تحریک کا آغاز کریگی، جو سرمایہ داری نظام کے خاتمے اور سوشلسٹ انقلاب کی حتمی منزل کیلئے فیصلہ کن کڑی کا کردار ادا کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں این ایس ایف کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری جنرل کامریڈ خلیل بابر، مرکزی چیف آرگنائز ر کامریڈ رضوان، میڈیا ایڈوائزر شہزاد ایوب، انچارج عزم اخلاق رحیم، کاشف عباس، خلیق ارشاد، بشارت علی، واجد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں11فروری کو مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر ہونے والی تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی صدر کامریڈ راشد شیخ نے کہا کہ سرمایہ داری کے حالیہ معاشی بحران نے جہاں پوری دنیا میں اپنے اثرات مرتب کئے ہیں وہاں پاکستان پر اسکے اور بھی بھیانک اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ پاکستانی ریاست کے انتظامی اور مالیاتی ڈھانچے انتہائی کھوکھلے ہو چکے ہیں، روزانہ 38000سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے گر جاتے ہیں اور گیارہ سو سے زائد نومولود بچے خوراک کی کمی کے باعث مر جاتے ہیں۔ مہنگائی ہے کہ اس میں اضافہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔ پاکستانی حکمران طبقات یہاں بسنے والے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں اور عوام کو نان ایشوز میں الجھایا جا رہا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد خودکشیوں پر مجبور ہے یا پھر دہشت گردی، منشیات اور دیگر جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے، آج نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ سماج میں پائی جانیوالی بے چینی اور اضطراب کو توڑتے ہوئے کرپٹ نظام سرمایہ داری کے خلاف منظم لڑائی لڑی جائے اور سوشلسٹ انقلاب تک ناقابل مصالحت جدوجہد کی جائے، این ایس ایف نوجوانوں تک جدید سائنسی نظریات پہنچاتے ہوئے غیر طبقاتی سماج کے قیام کی جدوجہد کو تیزتر کرتے ہوئے حتمی فتح تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

Tags: ×

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*